سابق فوجیوں کی دوبارہ ملازمت،ضوابط مشتہر

سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے سابق فوجیوں کی دوبارہ ملازمت کے لیے ضوابط مشتہرکئے ہیں جنہوں نے بری فوج ، بحریہ اور فضائیہ میں کسی بھی عہدے پر خدمات انجام دی ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری، عمومی انتظامی محکمہ شبیر حسین کین نے اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کی ،جس میں کہا گیا ہے کہ سابق فوجی جو یا تو سبکدوش ہوئے ہیں یا اس طرح کی خدمات سے فارغ ہوئے ہیں یا ان کی اپنی درخواست پر یا یا طبی بنیادوں پر فارغ کیا گیا ہے وہ سابق فوجیوںکے زمرے میں آنے کے اہل ہوں گے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا’’وہ اہلکار، جو 14 اپریل 1987 سے پہلے چھ ماہ سے زائد عرصے تک فوجی ڈاک سروس میں ڈیپوٹیشن پر تھے، کو مجاز اتھارٹی کے دستخط شدہ فارم XIV میں ایک سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی ضرورت ہوگی۔ ‘‘سابق فوجیوں کی عمر کی حد کے حوالے سے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج میں خدمات انجام دینے والے ہر سابق فوجی کو کسی بھی اسامی پر تقرری کے مقصد کے لیے اس سروس کی مدت کو اپنی اصل عمر سے کم کرنے کی اجازت ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ان اسامیوں کے سلسلے میں جن کے لیے امیدوار کو جسمانی برداشت کا ٹیسٹ کوالیفائی کرنا ہوتا ہے، جہاں بھی ایسے ٹیسٹ تجویز کیے جاتے ہیں، ایک سابق فوجی کو ایسے ٹیسٹ کوالیفائی کرنے کی ضرورت ہوگی۔