سابق سرپنچ کے خلاف خواتین کا احتجاج | قبرستان کی اراضی فروخت کرنے کا الزام

سمبل //شادی پورہ میں قبرستان کی اراضی فروخت کرنے کے الزام میں کئی خواتین نے سابق سرپنچ کے خلاف مظاہرہ کیا۔سرینگر بانڈی پورہ روڈ پر کئی خواتین نے شادی پورہ کے مقام پر سڑک پر احتجاج کیا۔احتجاجی خواتین نے کہا کہ سابق سرپنچ مقامی قبرستان کی اراضی کچھ دلالوں کو فروخت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا’’موت کا وقت متعین ہے لیکن خودغرض لوگ اب قبرستان کی خریدو فروخت کرنے پر تلے ہوئے ہیں‘‘۔ احتجاجی خواتین کے مطابق مذکورہ شخص اُن کی آواز دبانے کیلئے سیاسی اثر و رسوخ استعمال کر رہا ہے۔اس موقع پر مظاہرین میں شامل خواتین نے ضلع انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران سے اس معاملے پر توجہ دینے کی اپیل کی۔ پولیس کی یقین دہانی کے بعد احتجاجی خواتین پرامن طور پر منتشر ہوگئیں۔