سابق حکمران اتحاد نے خطہ پیر پنچال کو نظرانداز رکھا:شبیر خان

 
منجاکوٹ //کانگریس کے ضلع صدر راجوری و سابق وزیر شبیر احمد خان نے کانگریس کارکنان پر زور دیاہے کہ وہ پنچایتی اور بلدیاتی چنائو کیلئے تیار رہیں ۔انہوں نے سابق مخلوط سرکار پر خطہ پیر پنچال کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس ہی وہ واحد جماعت ہے جو تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ بھائی چارے کے ماحول کو برقرار رکھ سکتی ہے جبکہ بھاجپا فرقہ پرستی کے سہارے حکومت کررہی ہے ۔منجاکوٹ میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات میں شبیر خان نے کہاکہ کارکنان کو پنچایتی و بلدیاتی انتخابات کیلئے تیار رہناچاہئے اور پارٹی کو کامیابی دلانے کیلئے ابھی سے کوششیں کرنی چاہئیں ۔ انہوں نے کہاکہ خطہ پیر پنچال میں ترقی نہ ہونے کی ذمہ دار سابق مخلو ط حکومت ہے جس نے اس خطے کو نظرانداز رکھا ۔ انہوں نے کہاکہ اہم پروجیکٹوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور منی سیکریٹریٹ راجوری جیسے پروجیکٹ کو بھی تعطل کاشکار بنایاگیا۔ ان کاکہناتھاکہ کانگریس کے دور حکومت میں کئی بڑے پروجیکٹ منظور ہوئے تھے جو التوا میں رکھ دیئے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ وفود کی طرف سے اجاگر کئے گئے مسائل کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لاکر حل کروائیں گے ۔ اس دوران وفود نے ان سے بنیادی سہولیات کی فراہمی کی مانگ کرتے ہوئے بجلی ، پانی ، سڑک اور راشن سے جڑے مسائل اجاگر کئے ۔ اس موقعہ پر بلاک صدر گھمبیر مغلاں وزیر حسین ، بلاک صدر محمد آزاد خان ، تصدق خان ، محمد شفیع چوہدری ، فاروق خان ، لطیف خان و بلاک صدر منجاکوٹ مولوی گلزار حسین بھی موجو دتھے ۔