سابق انگلش کرکٹر آئن بیل دورئہ انگلینڈ کیلئے سری لنکا کے بیٹنگ کوچ مقرر

لندن/عظمیٰ نیوز سروس/سابق انگلش کرکٹر آئن بیل کو دورہ انگلینڈ کے لئے سری لنکا کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا۔انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 21 اگست کو ہوگا ، آئن بیل 16 اگست سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور سیریز کے اختتام تک سری لنکن ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔سی ای او سری لنکا کرکٹ ایشلے ڈی سلوا نے اپنےایک بیان میں کہا کہ ہم نے اپنے کھلاڑیوں کو انگلش کنڈیشنز کو بہتر طور پر سمجھنے کے لئے مقامی کرکٹر آئن بیل کا انتخاب کیا ہے تاکہ وہ کھلاڑیوں کو وہاں کے حالات کے مطابق کھیلنے میں مدد دے سکیں۔ آئن بیل کو انٹرنیشنل کرکٹ اور انگلینڈ میں کھیلنے کا کافی تجربہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ان کی موجودگی سے ہماری ٹیم کو مدد ملے گی۔واضح رہے کہ 2020ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد آئن بیل انگلینڈ مینز انڈر 19 اور انگلینڈ لائنز ٹیموں کے بیٹنگ کوچ، ہوبارٹ ہریکینز کے اسسٹنٹ کوچ، ڈربی شائر میں کنسلٹنٹ بیٹنگ کوچ اور 2023 ء ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ مینز ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے بی بی ایل میں میلبورن رینیگیڈز کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر کام کیا اور مینز ہنڈریڈ میں برمنگھم فینکس ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں۔