زینہ کوٹ ایچ ایم ٹی میںسڑکیں عوام کیلئے دردِ سر

سرینگر// زینہ کوٹ ایچ ایم ٹی میں سڑ کوں اور گلی کوچوں کی خستہ حالی کے نتیجہ میں عوام اورٹرانسپورٹر بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔  جوائنٹ سیول سوسائٹی زینہ کوٹ کی طرف سے موصولہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جہانگیر بیکری سے ملحقہ علاقہ زینہ کوٹ ایچ ایم ٹی تک سڑک پوری طرح سے خراب ہو گئی ہے اور سڑک پر بڑے بڑے کھڈبن گئے ہیں جسکی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔ سی این ایس کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ سڑ کوں اور گلی کوچوں کی حالت نہ صرف نا قابل سفر ہے بلکہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے بیماروں اوربزرگوں کو سفر کرنے میں سخت دشواریوں کا سامنا ہے۔سیول سوسائٹی نے انتظا میہ کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں سڑکوں کی تعمیر و تجدید کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ سیول سوسائٹی نے بیان میں کہا کہ معمولی بارشوں کے بعد گلی کوچے تالاب کا منظر پیش کرتے ہیں جس کے نتیجے میں گاڑیوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کا عبور و مرور تقریباً ناممکن بن جاتا ہے ۔جوائنٹ سیول سوسائٹی زینہ کوٹ کے ساتھ ساتھ مقامی تاجروں نے سرکار سے مانگ کی ہے کہ سڑکوں کی مرمت کے لئے جلد از جلد اقدامات کئے جائیں۔