سرینگر//پائین شہر کے مجاہد منزل زینہ کدل کے قریب واقع شاہی مسجد جسے عرف عام میں پتھر مسجد کے نام سے جانا جاتا ہے، میں شبانہ آگ کی واردات میں مسجد کو جزوی نقصان پہنچاجبکہ منبر مکمل طور پر خاکستر ہوا۔حکام کا کہنا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں آگ نمودار ہوئی۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کوشبانہ آگ کے واقعے میں تاریخی پتھر مسجد کو جزوی نقصان پہنچا ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے واقعے میں ، مسجد کے منبرکو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے اور چونکہ مسجد پتھر سے بنی ہوئی ہے ، اس وجہ سے آگ زیادہ اثر اندازنہیں ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ فائر سروس کی گاڑیاں بروقت موقع پر پہنچ گئیں اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا اور جلد ہی اس پر قابو پایا گیا۔انہوں نے کہا ’’پولیس اور مقامی لوگوں نے بھی آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے میں مدد کی‘‘۔پتھر مسجد ، جسے مقامی طور پر’’ نیو مشید‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے ، مغل عہد کی مسجد ہے جو سری نگر کے پرانے شہر زینہ کدل علاقے میں واقع ہے۔ یہ دریائے جہلم کے کنارے ، خانقاہ معلیٰ کے مد مقابل واقع ہے اور اسے شہنشاہ جہانگیر کی اہلیہ مغل ملکہ نور جہاں نے تعمیر کیا تھا۔اس مسجد میں کچھ الگ خصوصیات ہیں جو اسے کشمیر کی باقی مساجد سے الگ کرتی ہیں۔ روایتی چھت کے برعکس اس کا چھت ڈھلوان ہے اوراس مسجد کے 9 محراب ہیں جن میں مرکزی محراب سب سے بڑا ہے۔
زینہ کدل علاقے میں شبانہ آگ
