زیندار محلہ میں آتشزدگی،2 مکانات خاکستر

سرینگر//زیندار محلہ حبہ کدل میں گذشتہ روز آگ کی ایک واردات میں ایک رہایشی مکان خاکستر ہوا جبکہ ایک اور مکان کو نقصان پہنچا ۔ مقامی نوجوانوں نے آگ پر قابو پانے کیلئے کافی کوشش کی اور آگ کو مزید پھیلنے پر قابو پالیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے کل زیندار محلہ کا دورہ کیا اور آگ سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔انہوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کے لئے مقامی نوجوانوں کے رول کی سراہنا کی۔ڈاکٹر شاہ نے متاثرہ کنبوں کو یقین دہانی دی کہ آئندہ چند دنو ں میںہی اُن کے حق میں معقول مالی ریلیف کی منظوری دی جائے گی ۔انہوں نے متعلقہ آفیسران کو متاثرہ کنبوں کو فوری عبوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں نے کہا کہ کافی مدت کے بعد کسی ترقیاتی کمشنر نے آگ سے ہوئے نقصان کا جائز ہ لینے کے لئے یہاں کا دورہ کیا ہے۔