زیر تعمیر پرنئی ہائیڈل پروجیکٹ …ایس ڈی ایم مینڈھر نے جائزہ لیا

 
مینڈھر//ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر احمد خان اور تحصیلدار مینڈھر محمد جہانگیر خان نے بھاٹہ دھوڑیاں کادورہ کرکے زیر تعمیر پرنئی ہائیڈل پروجیکٹ کا جائزہ لیا ۔اس دوران انہوں نے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ کمپنی کے حکام کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ایس ڈی ایم مینڈھر نے متعلقہ کمپنی کے ملازمین کو ہدایت دی کہ کام وقت پر مکمل کیاجائے اور کہیں پر بھی غیر معیاری میٹریل استعمال نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ پروجیکٹ کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہ ہو ۔انہوں نے علاقہ کے کئی لوگوں سے بھی ملاقات کرکے پرنئی پروجیکٹ پر چل رہے کام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔انہوں نے عوام کویقین دلایا کہ پروجیکٹ کا کام وقت پر مکمل ہو گااور ان کے مطالبات پورے کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھاٹہ دھوڑیاں اور درابہ سرنکوٹ کے مقام سے کم از کم چارکلو میٹرٹنل کا ٹنڈر نکل چکا ہے اور باقی پانچ کلو میٹر کا کام شروع ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک اہم پروجیکٹ ہے جس سے مینڈھر میں پانی کی قلت کا مسئلہ درپیش نہیں رہے گا اور پورے ضلع کے عوام کو بجلی سپلائی ہوسکے گی ۔