زیروپوائنٹ تک جانے سے نہ روکا جائے | ٹیکسی سومو ایسوسی ایشن سونہ مرگ کا مطالبہ

غلام نبی رینہ
کنگن//سونہ مرگ میں سیاحتی شعبہ بالخصوص ٹرانسپوٹروں کا کہنا ہے کہ ان کا روزگار کئی برسوں سے سیاحت سے جڑا ہوا ہے اور انہوںنے بنک سے قرضہ حاصل کرکے گاڑیاں اس غرض سے لائی ہیں تاکہ وہ روزگار حاصل کرسکیں اور اکثر سیاح تھاجواس اور زیرو پوائنٹ زوجیلا کی طرف جاتے تھے لیکن گذشتہ ایک ہفتے سے انہیں زیرو پوائنٹ زوجیلا کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان کے روز گار پر کافی اثر پڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف یہاں سیاح زیرو پوائنٹ کا نظارہ کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں ۔ ٹیکسی سومو ڈرائیورس ایسوسی ایشن سونہ مرگ کے صدر بشیر احمد رینہ اور جنرل سیکریٹری جاوید احمد کا کہنا ہے کہ ان کا سیاحتی سیزن صرف چھ ماہ کا ہی ہوتا ہے اور اس کے بعد بھاری برفباری کی وجہ سے ان کو اپنی گاڑیاں بند رکھنی پڑتی ہیں اور ان چھ ماہ میں ان کو بنک کا قرضہ واپس کرنے میں کئی طرح کے مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ گاندربل اور ایل جی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان کی گاڑیوں کو زیرو پوائنٹ زوجیلا جانے کی اجازت دی جائے تاکہ اُن کا روزگار متاثر نہ ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ سب ضلع کنگن کے سینکڑوں بے روز گار نوجوان ہر سال اس انتظار میں رہتے ہیں کہ امرناتھ یاترا اور سیاحتی سیزن شروع ہونے کے ساتھ انہیں روزگار حاصل کرنے میں مدد مل سکتا ہے اور موسم سرما کے دوران ان کو ہاتھ پہ ہاتھ رکھ کر بیھٹنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو زوجیلا کی پرانی سڑک سے چلنے کی اجازت دی جائے۔