زیارت غوثیہ سرائے بالامیں سیرتی تقریب | مولانا قانونگو نے اہل اسلام کے درمیان اتحاد پر زور دیا

سرینگر// زیارت غوثیہ سرائے بالامیں اتوار کو نماز ظہر سے قبل ایک سیرتی تقریب منعقد ہوئی جس میں انجمن حمایت الاسلام کے صد ر مولانا خورشید احمد قانونگو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام میں تبلیغ ، درس و تدریس ، تزکیہ نفس کے بعد تصنیف و تالیف کی اہمیت خاص ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن و حدیت میں پڑھو اور لکھو کے تناظر میں قلم دوات اور قرطاس کو بلند عزمت حاصل ہے کیونکہ تبلیغ زبان و مکان میں مقید ہے لیکن تحریر قیود کی حدود سے پا ر کرتے ہوئے تعلیمات اسلامیہ اور اخلاق محمدیہ نے دنیا کے اطراف و اکناف میں اصلاح امت اور تربیت میںاہم کردار پیش کیا۔ لہٰذا حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی ؒ نے درس و تدریس کے بعد تصنیف و تالیف پر زور دیا مگر یہ قلم تمام اہل مناسب کے پاس بطور امانت ہے اس کی خیانت قوموں کو ہر لحاظ سے بگاڑتی ہے۔مولانا موصوف نے کہا کہ علماء اور دانشور وں پر ذمہ داری ہے کہ قلم سے اہل اسلام کے درمیان اتحاد پید اکریں۔ 
 
 
 
 

 حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کا عرس | کراوہ بانہال میں تقریبات کا آغاز

محمد تسکین
 بانہال//حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کے عرس کے سلسلے میں کراوہ بانہال میں اتوار کودرود و اذکار اور ختمات المعظمات کی مجالس کا آغازہوااور یہ سلسلہ 11ربیع الثانی تک جاری رہے گا ۔ اتوارکو شروع ہوئی مجالس میں بانہال کے کسکوٹ، لامبر ، عشر اور کراوہ کے مقامی لوگوں کے علاہ ضلع اننت ناگ سے بھی عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ ایام عرس کے دوران وادی چناب اور وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں۔کراوہ کے مقامی لوگ ہرسال اس عرس کے موقع پر یہاں پہنچنے والے زائرین کی دل کھول کر مہمان نوازی کرتے ہیں اور یہ سلسلہ دہائیوں سے یوں ہی چلتا آرہا ہے۔ 
 
 
 

عالم اسلام کی سربلندی اور مصائب سے نجات کیلئے دعا کریں:ڈاکٹر فاروق

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوام سے اپیل کی کہ حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کے عرس پر زیارتگاہوں ، خانقاہوں اور بقعہ جات میں عالم اسلام کی سربلندی، اسلام کی فتح ونصرت اور لوگوں کے مصائب سے نجات پانے کیلئے دعا کریں۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ اللہ پر بھروسہ رکھنے والے ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کی تعلیم اور سیرت پوری عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔