زکورہ میں چوری کا معمہ حل | 3 ملزم گرفتار،لاکھوں روپے کے زیورات برآمد

سرینگر// زکورہ پولیس نے چوری کا ایک معاملہ حل کرتے ہوئے تین ملزمان کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے ان کی تحویل سے لاکھوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات برآمد کئے ہیں۔تھانہ پولیس زکورہ حضرت بل میں پولیس کو عوام کی جانب سے متعدد مقامات پر سونے کے زیورات کی چوری کی وارداتوں کی تحریری شکایت درج کی گئی تھی جس کی بنیاد پر تین مقدمات زیرنمبر 03/22، 8/22 کے تحت  درج کیے گئے تھے۔دوران تحقیقات زکورہ پولیس نے تکنیکی اور جدید طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے وانی ہامہ، پارمپورہ، نوگام وغیرہ کے علاقوں میں متعدد چھاپے مارے گئے۔ان چھاپوں کے نتیجے میں تین چوروں کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت بشیر احمد شیخ ساکن فرستہ بل پانپور، فیاض احمد شیخ ساکن گنڈ درشالنہ شوپیان حال وانی ہامہ بالا، فرید احمد خان ساکن کالاکوٹ راجوری حال ملورہ ایچ ایم ٹی سرینگر کے طور پر ہوئی۔ان کی تحویل سے تقریبا 12 لاکھ روپے مالیت کی سونے کے زیورات برآمد کئے گئے ۔چوری کا معمہ حل کرنے میں ایس ڈی پی او شوکت ڈار کی نگرانی میں ایس ایچ او زکورہ سید جنید نے کامیابی سے حل کر لیا۔پولیس کے مطابق اس کیس میں مزید گرفتاریوں اور مزید بازیابیوں کی توقع ہے۔