زوجیلا کے نزدیک حادثہ ،ٹینکر پر برفانی تودا گرا

کنگن//زوجیلا کے کنی پھتری دیال کے مقام پر پیر کو اس وقت ایک اور حادثہ ٹل گیا جب کرگل سے سرینگر کی طرف آرہے ایک ٹینکر پر برفانی تودہ گرا ۔ کرگل سے ایک ٹینکر زیر نمبر HR37D/8701 پر کنی پھتری دیال کے مقام پر برفانی تودہ گرآیا جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور معجزاتی طور پر بچ گیا۔ ڈی ایس ڈی ٹریفک رورل گاندربل فہیم علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی کو برفانی تودہ سے باہر نکالنے کے لئے باجری نالہ زوجیلا سے سنو کٹر لانا پڑا جس میں چار گھنٹے کا وقت لگ گیا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل سونہ مرگ سے کرگل کی طرف جارہی ایک زائلو گاڑی بھی کیپٹن موڈ پر برفانی تودہ کی زد میں آئی تھی جس کے نتیجے میں اس میں سوار ڈرائیور سمیت تین افراد معجزاتی طور پر بچ گئے تھے۔