عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات کی طرف سے برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہونے سے سردی زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔سہ پہر کے بعد سیاحتی مقام گلمرگ میں ہلکے بر ف وباراں کا سلسلہ شروع ہو ا جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہورہی تھیں۔وسطی ضلع گاندربل کے گنگن گیر، کلن گنڈ اور سونہ مرگ زوجیلا میں دن بھر موسم ابرآلود رہنے کے بیچ شام دیر گئے ان مقامات پر ہلکی بارشوں کے ساتھ ساتھ زوجیلا پر ہلکی برفباری شروع ہوئی جس وجہ سے سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ادھر بدھ کی سہ پہر کے بعد وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکے برف و باراں اور میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔
گلمرگ کے افروٹ میں سہ پہر پانچ بجے کے بعد برف و باری کا سلسلہ شروع ہوا جس وجہ سے سیر وتفریح پر آئے ہوئے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پیر پنچال کے پہاڑوں علاقوںمیں بھی بدھ کی سہ پہر کو برف باری ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کی سہ پہر سے وادی کے بالائی علاقوں میں برفباری شروع ہوئی ۔شام دیر گئے تک بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 29 اور 30 نومبر کو میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں یکم دسمبر سے 3 دسمبر تک موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں بعد ازاں 4 سے 7 دسمبر تک مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یکم دسمبر تک وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری متوقع ہے جس کے بعد اس میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 29 دسمبر سے وزیبلٹی میں بھی بہتری ہوگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 29 اور 30 نومبر کو زوجیلا، مغل روڈ، سنتھن ٹاپ و دیگر پہاڑی علاقوں میں پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہو سکتی ہے۔دریں اثنا ء وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہونے سے سردی تیز تر ہوئی ہے۔سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ضلع کپوارہ میں 1.3 ، قاضی گنڈ میں 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔