زنانہ کالج قائم کرنے کی مانگ

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میںایک پروگرام کے دوران زنانہ کالج کی مانگ کو لیکر طالبات نے احتجاج کیا ۔اس پروگرام کا انعقاد میونسپل کمیٹی ہال میں کیا گیا تھا۔پروگرام میں طلاب کی بڑی تعداد کے علاوہ پروفیسر محمد اسماعیل آشنا ،ڈاکٹر مصطفی خان ،سمیر اقبال بٹ، ٹریڈرس فیڈریشن کے صدر شمشاد احمد نے شرکت کی ۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بانڈی پورہ کو جہاں عوامی حکومتوں نے زنانہ کالج سے محروم رکھا ہے وہیں اب گورنر انتظامیہ بھی ضلع کے ساتھ نانصافی کررہی ہے۔ مقررین نے طالبات کے مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بانڈی پورہ کے عوام کو متحد ہو کر زنانہ کالج حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی ۔پروگرام کے بعد طالبات نے احتجاج کیا اور انہیںدرپیش مسائل کاتذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بائز ڈگری کالج پتوشی بانڈی پورہ ایک بلندی پر قائم ہے جس کی وجہ لڑکیوں کو گوناگوں مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انہیںمزید تعلیم حاصل کرنے کیلئے سرینگر کا رخ کرنا پڑ تا ہے۔احتجاجی طالبات نے کہا ’’ہم زنانہ کالج حاصل کرنے کیلئے منظم جدوجہد کریں گی‘‘۔انہوں نے ضلع کے عوام سے اپیل کی کہ زنانہ کالج حاصل کرنے کیلئے اُن کی جدوجہد میں شریک ہوجائیں ۔