سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اس بات پر زور دیا کہ دُنیا بھر میں بدلتے ہوئے موسمی حالات کے پیش نظر فصلوں کو موسمیاتی تغیرات اور غیر یقینی صورتحال کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ مشیر بٹھناگر نے یہ باتیں شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچر سائینس اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر ( سکاسٹ ۔ کے ) میں تین روزہ ’ نیشنل کانفرنس آن منیجنگ ویدر اینڈ کلایمیٹ رسکس ان ایگریکلچر ‘ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس تین روزہ کانفرنس کا انعقاد سکاسٹ کے نے ایسوسی ایشن آف ایگرو میٹرولوجسٹ آنند گجرات ، کشمیر چیپٹر کے اشتراک سے کیا ہے ۔ ملک بھر میں زرعی ماہرین ، سائنس دانوں ، پی ایچ ڈی سکالرز ، محققین ، طلباء اور دیگر مندوبین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ یہ کانفرنس آج کے دور میں اس لئے موزوں ہے کیونکہ دُنیا موسمی حالات میں بے مثال تبدیلی دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کانفرنس کے مباحثوں میں زراعت پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو نمایاں طور پر حل کیا جائے گا ۔ بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر روشنی ڈالتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کہا کہ موسم کے شدید واقعات روزانہ کی بنیاد پر ہو رہے ہیں اور یہ واقعی وقت ہے کہ اس مسئلے پر کچھ فعال اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے تمام شرکاء اور مندوبین سے کہا کہ کچھ ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں تا کہ زرعی شعبے پر کم اثر ڈالا جا سکے جو ہمارے ملک کے جی ڈی پی کا بنیادی حصہ ہے ۔ مشیر بٹھناگر نے مزید کہا کہ نئی سرمایہ کاری کی پالیسی کے آغاز کے ساتھ جموں و کشمیر سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مقام کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی بڑے کارپوریٹ گھرانوں نے یہاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ اس موقع پر مشیر بٹھناگر نے ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کے سائینسدانوں اور محققین کو سماجی ایوارڈز اور فیلو شپس سے بھی نوازا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد گنائی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی اور اس کے زرعی شعبے پر پڑنے والے اثرات پر روشنی ڈالی ۔ وائس چانسلر سکاسٹ جے پروفیسر جے پی شرما نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس کانفرنس میں جس موضوع پر غور کیا جا رہا ہے وہ قومی اہمیت کا حامل ہے اور یقینی طور پر اس سے موسمیاتی تبدیلی کے مسائل کو بڑی حد تک کم کیا جائے گا ۔ پروفیسر ویاس پانڈے صدر ایسوسی ایشن آف ایگرو میٹرولوجسٹ آنند گجرات اور پروفیسر کے کے سنگھ ہیڈ ایگرو میٹرولوجی آئی ایم ڈی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔ پروفیسر سرفراز احمد خان ڈائریکٹر ریسرچ سکاسٹ کے نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں اس تین روزہ قومی کانفرنس کے وسیع پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر مشیر کی جانب سے اس کانفرنس کے مختلف پہلوؤں پر ایک اشاعت اور ایک سووینئر بھی جاری کیا گیا ۔ اس تین روزہ کانفرنس میں سکاسٹ کے کے مختلف شعبوں کے ایچ او ڈیز ، ڈائریکٹر زراعت کشمیر ، ڈینز ، ماہرین زراعت ، سائنسدان ، پی ایچ ڈی سکالرز ، محققین ، طلباء اور مختلف ماہرین زراعت شرکت کر رہے ہیں ۔