زرعی پیداوار بڑھانے اور بہتر مارکیٹ سہولیات کی فراہمی پرزور

جموں/نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے مختلف محکموں کو ہدایت دی کہ وہ آپسی اشتراک اور تعاون قائم کرکے ریاست میں زرعی پیداوار میں اضافہ کرنے اور اسے بہتر مارکیٹنگ سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کریں۔نائب وزیرا علیٰ سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ فار فارمرس کی طرف سے منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کررہے تھے جس کا مقصد 2017-18ربیع کے دوران ایم ایس پی کے تحت گندم کی حصولیابی اور خریف 2018کے لئے جموں صوبے میں آبپاشی نظام کا جائزہ لینا تھا۔وائس چیئرمین جے کے سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف کسانز دلجیت سنگھ چب ، ڈویژنل کمشنر جموں ہمنت شرما، کسان ایڈوائزری بورڈ کے ممبران ، ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں ، چیف انجینئر بجلی اور مختلف محکموں کے دیگر اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔نائب وزیر اعلیٰ نے بجلی محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ آبپاشی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے کسانوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کسان برادری کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنی ہوں گی تاکہ انہیں فصل کی اعلیٰ نسل کو پیدا کرنے میں کسی بھی قسم کی دشوار ی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ڈاکٹر سنگھ نے ڈویژنل کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول محکمہ اور دیہی ترقی محکمہ کی مشترکہ کوششوں سے چھوٹی نہروں کی ڈی سلٹنگ کاکام انجام دیں۔نائب وزیر نے محکمہ زراعت کے سربراہ کو ہدایت دی کہ وہ پرائم منسٹرس فصل بیمہ یوجنا کو عملانے اور اس کے فوائد کسانوں تک پہنچانے کو یقینی بنائیں۔ڈاکٹر سنگھ نے راجوری اور ادھمپور اضلاع میں نئی منڈیاں قائم کرنے کی ہدایت دی۔