زرعی قانون اوربی ایس ایف کا دائرہ بڑھانے کے خلاف قرارداد منظور

چنڈی گڑھ// پنجاب حکومت نے ریاستی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں مرکزی زرعی قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے اور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ریاست میں دائرہ اختیار 15 کلومیٹر سے بڑھا کر 50 کرنے کے مرکز کے نوٹیفکیشن کے خلاف ایوان میں قرارداد منظور کی۔زرعی قوانین کے خلاف وزیر زراعت رندیپ سنگھ نابھا اور بی ایس ایف سے متعلق قرار داد نائب وزیر اعلیٰ سکھجندر سنگھ رندھاوا نے پیش کیں۔ بی ایس ایف کا دائرہ کار بڑھانے سے متعلق قرارداد پیش کرتے ہوئے مسٹر رندھاوا نے مرکز پر ریاستوں کے حقوق میں مداخلت کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان ریاست کا موضوع ہے اور وہ امن و امان برقرار رکھنے کی اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں مرکز بی ایس ایف کا دائرہ بڑھا کر ریاستوں کے حقوق کو سلب کرنے اور انہیں کمزور کرنے کا کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کا دائرہ اختیار بڑھانے کی ضرورت نہیں ہے۔