زائرہ وسیم کےساتھ چھیر چھاڑ کا مرتکب شخص گرفتار

 سرینگر// فلم دنگل کی کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم کے ساتھ گزشتہ شب دہلی سے ممبئی جانے والے جہاز میں دوران پرواز چھیڑ چھاڑ کرنے والے شخص کو ممبئی میںگرفتار کیا گیااور مہاراشٹر کے ریاستی کمیشن برائے خواتین نے اس شرمناک واقعے کی فوری تحقیقات کرنے کا پُر زور مطالبہ کیا ہے۔ ممبئی کے ڈپٹی کمشنر پولیس انیل کمبارے نے کہا کہ زائرہ وسیم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے39سالہ وکاس سچدیوکو گرفتار کیا گیا اور اسکو سوموار کو عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ ممبئی کے ہی سینئر پولیس انسپکٹر لتا شر ست نے کہا کہ انیل سچدیو کو IPCکے سیکشن 354اور بچوں کو جنسی زیادتیوں سے تحفظ دینے کے ایکٹ (POCSO)کے تحت حراست میں لیاگیا کیونکہ متاثرہ اداکارہ کمسن لڑکی ہیں ۔ ادھر وستارا آئر لائنز نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زائرہ وسیم سے معذرت کی ہے۔ مذکورہ ائر لائنز کے اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ ائر لائنز کی انتظامیہ کے سینئر ارکان دنگل اداکارہ سے ملنے ممبئی روانہ ہوئے ہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ اداکارہ نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام کے ذرئعے انکشاف کیا تھا کہ دہلی سے ممبئی پرواز کے دوران وستارا جہاز میں ایک شخص نے اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ۔ اس واقعے کے خلاف وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹویٹ کرکے پُر زور الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے قصور وار کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیاتھا ۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا ، ”دو بیٹیوں کی ماں ہونے کے ناطے میں اس شرمناک واقعے پر بے حد افسردہ ہوں ۔“ انہوں نے مرکزی وز یر برائے ہوا بازی اشوک گوجپتی اور مرکزی وزیر مملکت برائے ہوابازی جیانت سنہا سے اس مذموم معاملے کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی تھی۔