سرینگر //جموں و کشمیر میں مزید 10افراد کورونا وائرس سے فوت ہوگئے۔ مہلوکین کی تعداد بڑھکر713ہوگئی جن میں سے 63جموں جبکہ 650تک پہنچ گئی ہے۔ اتوار کووائرس سے ریکارڈ 786افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں سے87سفر کرنے والے افراد بھی شامل ہیں۔متاثرین کی مجموعی تعداد 37ہزار کا ہندسہ پار کرکے37163تک پہنچ گئی۔ ان میں سے 8536 جموں جبکہ کشمیر میں یہ تعداد 28627 ہوگئی ہے۔ تازہ 786 متاثرین میں سے 432کشمیر جبکہ پہلی مرتبہ جموں میں 24گھنٹوں کے دوران 354 افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 432 میں سے سب سے زیادہ 161سرینگر، 26بارہمولہ، 25پلوامہ، 52بڈگام، 38اننت ناگ، 37بانڈی پورہ، 30کپوارہ، 11کولگام، 8شوپیان اور44گاندربل سے تعلق رکھتے ہیں۔ جموں میں مثبت قرار دئے گئے 354میں سے سب سے زیادہ 258جموں، 6راجوری، 18کٹھوعہ، 9ادھمپور، 7سانبہ، 5ڈوڈہ، 6پونچھ، 18ریاسی اور 27کشتواڑ سے تعلق رکھتے ہیں۔
مزید10اموات
جموں و کشمیر میں اتوار کو مزید10افراد کورونا وائرس سے فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں سے 2سرینگر، 2بڈگام، ایک بارہمولہ، ایک بانڈی پورہ،ایک گاندربل جبکہ 3جموں میں فوت ہوگئے۔ محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹربتایا ’’ غوثیہ کالونی بمنہ کا 40سالہ شخص اور بٹہ مالو سرینگر کا 70سالہ معمر شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے‘‘۔ بڈگام میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ کچھہ واری خانصاحب کا 60سالہ شہری اورچھتر گام بڈگام کی 65سالہ خاتون وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا کی وجہ سے صدر اسپتال میں فوت ہوگئی ہے۔بارہمولہ میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ ٹنگمرگ بارہمولہ سے تعلق رکھنے والا 65سالہ شہری صدر اسپتال سرینگر میں نمونیا سے فوت ہوگیا ‘‘۔گاندبل میں محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ شیخ زو گاندربل سے تعلق رکھنے والا ایک 56سالہ شخص سکمز صورہ میں وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔جی وی سی بمنہ میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ نادی ہل بارہمولہ سے تعلق رکھنے والی ایک 70سالہ خاتون کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے فوت ہوگئی‘‘۔جموں میں اتوار کو 3افراد نمونیا سے فوت ہوگئے۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ پریم نگر جموں کی 47سالہ خاتون، چیک ارنیہ کی 46سالہ خاتون اور کھور جموں سے تعلق رکھنے والی 55سالہ خاتون نمونیا سے فوت ہوگئی۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ تینوں خواتین کی موت جی ایم سی جموں کے انہتائی نگہداشت والے وارڈ میں ہوئی ہے۔
حکومتی بیان
حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے37,163معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے7959سرگرم معاملات ہیں ۔ اَب تک28,510اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد694تک پہنچ گئی ،جن میں سے 631کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور63کاتعلق جموں صوبہ سے ہیں۔اِس دوران اتوار کو مزید490شفایاب ہوئے ہیںجن میںجموں صوبے کے108اور کشمیر صوبے کے 382اَفراد شامل ہیں ، جن کو جموں و کشمیر کے مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 956733ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے 30؍اگست2020ء کی شام تک 919570نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔علاوہ ازیں اَب تک458984افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ ان میں45176اَفراد کو ہوم قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔7959افراد کوآئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ45033اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح بلیٹن کے مطابق360122اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔
۔2بھاجپا لیڈران مثبت | تریکوٹہ نگر دفتر 10 دن کیلئے بند
سید امجد شاہ
جموں//سرینگر میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ ملاقات سے قبل جموں میں مقیم 2 بی جے پی لیڈران کے کورونا ٹیسٹ مثبت پائے گئے ۔ دونوں سینئر لیڈران بی جے پی کے پارٹی کے کور گروپ کے ممبران ہیں اور انہوں نے راج بھون سرینگر میں لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرناتھی۔تاہم دونوں کے طے شدہ میٹنگ سے پہلے ٹیسٹ کئے گئے جن میں ان کی رپورٹ مثبت آئی جس کے بعد ملاقات کو منسوخ کردیاگیا۔ جنرل سیکریٹری(آرگنائزیشن) اشوک کول اور جنرل سیکر یٹری و جموں کشمیر امورات انچارج وبودھ گپتا اتور کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کرنے راج بھون میں داخل ہوئے ، جہاں پہلے انکا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔ پارٹی ترجمان الطاف ٹھاکر نے بتایا کہ دونوں بی جے پی لیڈران حالیہ کچھ دنوں سے وادی کے دورے پر ہیں اور اس دوران انہوں نے کئی وفد سے ملاقات بھی کی۔انہوں نے ان تمام لوگوں سے درخواست کی،جو ان لیڈراں کے رابطے میں آئے ہیں، کہ وہ اپنا ٹیسٹ کروائیں اور قرنطینہ میں چلے جائیں۔تاہم کشمیر صوبہ کے باقی 10 بی جے پی رہنمائوں کی رپورٹ منفی آئی ‘‘۔دریں اثنا ، جموں کے تریکوٹہ نگر میں بی جے پی کے دفتر کو احتیاطی تدابیر کے طور پر دس دن کیلئے بند کردیا گیا ہے کیونکہ خواتین ونگ کی رہنما اور ایک سرکردہ لیڈرکے ڈرائیور میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔بی جے پی لیڈراشوک کول نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا ’’بی جے پی آفس بند کرنے کا فیصلہ مہیلا مورچہ کی لیڈراور ڈرائیور کے مثبت ٹیسٹ کے بعد کیاگیاہے‘‘۔
لداخ میں 4فوت
نیوز ڈیسک
لیہہ//لداخ میں کورونا وائرس سے مزید 4افراد فوت ہوگئے ہیں اور اسطرح مرکزی زیر انتظام لداخ میں ابتک 32افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ لداخ میں محکمہ صحت کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ کرگل میں 20جبکہ لیہہ میں 12افراد کورونا وائرس سے فوت ہوگئے ہیں۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ لیہہ میں مزید 41اور 22افراد کرگل میں مثبت آئے ہیں۔
ملک میں ایک دن کے اندر سب سے زیادہ کیسز
78,761مثبت،دنیا بھر میں ریکارڈ قائم
یو این آئی
نئی دہلی// ملک میںپچھلے 24 گھنٹوں کے دوران پہلی بار انفیکشن کے 78 ہزار سے زیادہ نئے معاملے سامنے آئے ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 35.42 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے ۔مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی اتوار کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ،کورونا انفیکشن کے ریکارڈ 78 ہزار،761 نئے معاملے سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 35 لاکھ،42 ہزار،734 ہوگئی ہے ۔ کورونا انفیکشن کی تعداد میں یہ اضافہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ ہے ۔ اس سے قبل امریکہ میں ، 25 جولائی کو 78,427 کیس رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 27 اگست کو ہندوستان میں روزانہ سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جب ایک دن میں 77,266 کیس رپورٹ ہوئے تھے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ، 64 ہزار،935 مریض صحت مند ہونے کے بعد ٹھیک ہونے والوں کی تعداد بڑھکر 27 لاکھ،13 ہزار،934 ہوگئی ہے ۔ فعال معاملات کی تعداد 12 لاکھ،878 سے بڑھ کر 7 لاکھ،65 ہزار،302 ہوگئی ہے کیونکہ انفیکشن کے نئے معاملات ٹھیک ہونے والوں سے زیادہ ہیں۔ملک کی صرف 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے ہی اس عرصے کے دوران مریضوں کی تعداد کو کم کیا ہے اور اس عرصے کے دوران 948 افراد کی ہلاکت کے سبب اموات کی تعداد 63 ہزار،498 ہوگئی ہے ۔ ملک میں سرگرم معاملوں کی تعداد 21.60 فیصد ہے اور ملک میں صحت یابی کی شرح 76.61 فیصد ہے جبکہ موت کی شرح 1.79 فیصد ہے ۔کورونا سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹرا میں فعال معاملوں کی تعداد 4 ہزار،417 کے اضافے سے 1 لاکھ،85 ہزار،467 ہوگئی اور 328 اموات
کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد 24 ہزار،103 ہوگئی۔ اس مدت کے دوران ، 11 ہزار،541 افراد انفیکشن سے ٹھیک ہوگئے ، جس سے صحت مند افراد کی تعداد 5 لاکھ،54 ہزار،711 ہوگئی۔ ملک میں سب سے زیادہ فعال معاملات اسی ریاست میں ہیں۔