ریڈ کراس سوسائٹی کی ’’ ’شہجار‘ ‘ مہم | مستحقین میں سلائی مشینیں ، حفظان صحت کے کٹ تقسیم

سرینگر// انڈین ریڈ کراس سوسائٹی (آئی آر سی ایس) جموں وکشمیر نے کل روزگار منصوبہ’ ’شہجار‘  کے تحت مستحق افراد میں سلائی مشینیں اور دیگر ٹیلرنگ سامان تقسیم کیا۔مستحق افراد ٹیلرنگ کی تربیت آئی آر سی ایس ، جے اینڈ کے نے دی تھی جس کا مقصد خواتین کی سربراہی والے گھرانوں کی روزی روٹی کمانے میں مدد کی جاسکے۔ یہ سامان آئی آر سی ایس کے اعزازی جنرل سکریٹری کفایت حسین رضوی ، ڈپٹی کمشنر کپوارہ امام دین اور آئی آر سی ایس اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں نے تقسیم کیا۔خواتین میں خاص طور پر معاشرے کے کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں حفظان صحت کو فروغ دینے کے لئے آئی آر سی ایس نے خواتین حفظان صحت سے متعلق آگاہی پروگراموں کا آغاز کیا۔کفایت حسین رضوی نے 30 مارچ 2021 کو بارہمولہ میں اس مہم کا افتتاح کیا۔ محکمہ صحت کے ماہرین اور ریڈ کراس کے رضاکاروں نے خواتین کو ذاتی حفظان صحت سے متعلق تعلیم دی جس کے بعد شرکاء کو حفظان صحت کی کٹ تقسیم کی گئیں۔ 31 مارچ 2021 کوزاہد پورہ حول سرینگر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی اسی طرح کی سرگرمی عمل میں لائی گی۔ اب اس مہم کو دوسرے اضلاع تک بھی بڑھایا جائے گا۔