سرینگر/ /چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کووڈ 19 کے خطرے میں کمی لانے کیلئے جاری کوششوں کا جائیزہ لیتے ہوئے ریڈ اور کنٹینمنٹ زونوں میں مکمل لاک ڈاؤن لاگو کیا جائے گا ۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنروں کو سائنسی بنیاد پر کسی علاقے یا علاقوں کو ریڈ زون قرار دینے اور ان علاقوں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ ، کنٹینمنٹ زونوں میں ٹیسٹنگ میں تیزی لانے بالخصوص حساس مریضوں بشمول بچوں ، بزرگوں ، حاملہ خواتین ، انفلنزاء کے مریضوں ، امراض تنفس اور دائمی امراض میں مبتلاء مریضوں ، خدمات فراہم کرنے والوں ، طبی اور پولیس عملے کا ترجیحی طور پر کووڈ 19 ٹیسٹ کرنے کیلئے کہا ۔ مرض کے بروقت تشخیص کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیف سیکریٹری نے رابطوں کی تلاش میں سرعت لانے کیلئے کہا اور اس ضمن میں قومی صحت مشن، سواستھ ندھی سروے اور آروگیہ سیتھو ایپ کے عداد و شمار کا بہتر استعمال کرنے کیلئے کہا ۔ کووڈ 19 علامات کے مظہر مریضوں کی بھاری تعداد کیلئے ہسپتالوں میں بستروں کی صلاحیت میں اضافہ کرنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ بغیر علامات کے کووڈ 19 مثبت مریضوں کو فوری طور کووڈ کئیر مراکز میں منتقل کرنے جبکہ درمیانہ اور سخت متاثر مریضوں کو کووڈ ہسپتالوں میں داخل کیا جائے ۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ طبی ساز و سامان کی قلت کو کم کرنے کیلئے حکومتِ ہند سے زاید از 700 وینٹی لیٹر حاصل کر رہی ہے جو عنقریب یہاں پہنچ جائیں گے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ان وینٹی لیٹروں کو بروقت تنصیب اور چالو کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہیں آکسیجن سلینڈروں اور انٹینسو کئیر ساز و سامان کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اپیڈمک ڈزیزز ایکٹ کے دفعات میں سب کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا جا رہا ہے جبکہ عوامی جگہوں پر تھوکنے پر پابندی بھی دفعات میں شامل کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر ضروری نقل و حمل کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئیے اور عوامی مقامات پر معقول سماجی دوری بنائے رکھنے کو یقینی بنانا چاہئیے ۔ چیف سیکرٹری نے جموں اور کشمیرصوبوں کے ڈویژنل کمشنروں کو یومیہ بالترتیب 4000 اور 6000 نمونے حاصل کرنے کیلئے کہا ۔ دوران میٹنگ اس بات کی جانکاری دی گئی کہ 35 ہزار اینٹ بھٹہ مزدور وادی کشمیر واپس آ رہے ہیں جن کو اپنے متعلقہ منازل پر کورنٹین سہولت میں بھیجنے سے قبل جواہر ٹنل پر ٹیسٹ کیا جانا لازمی ہے ۔ چیف سیکریٹری نے ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ ، جموں ، اودھمپور اور ریاسی کو ہوائی اڈے اور ریلوے سٹیشنوں پر ٹیسٹنگ صلاحیت میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی ۔
ریڈ اور کنٹینمنٹ زونوں میں مکمل لاک ڈاؤن لاگو کیا جائیگا
