سرینگر // سرحدی قصبہ کیرن میں ریڈیو کشمیر کے پہاڑی شعبہ اور شہربین کی جانب سے کشن گنگا کے کنارے واقع ہائی سیکنڈری سکول میںایک ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے علاوہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس دوران مقامی لوگوں نے شہربین ٹیم کے پاس اپنے مسائل ریکارڈکرائے۔ کلچرل پروگرام میں مقامی فنکاروںکے علاوہ سکولی بچوں نے حصہ لیکر اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ریڈیو کشمیر کی جانب سے منعقد ہونے والے اس پروگرام کا مشاہدہ سرحد کے اُس پار نیلم وادی کے لوگوں نے بھی کیا ۔ کیرن کے فنکاروں نے اپنے فن کے ذریعے بھی کیرن کے مسائل کو اجاگر کیا اور ریڈیو کشمیر کو اس سرحدی علاقے میں اپنے پروگرام منعقد کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ایسی ہی تقریب ہائی سکول کنڈیا ں میں بھی منعقد ہوئی جہاں ریڈیو کشمیر کے شہربین پروگرام اور پہاڑی شعبہ کے سربراہ مقصود احمد نے مہمان خصوصی کے بطور حصہ لیا ۔دونوں پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے مقصود احمد نے کہا کہ ایسے پروگراموں کو منعقد کرنے کا مقصدنئے فنکاروں کو موقعہ دینا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے وعدہ کیا کہ شہربین کے ذریعہ لوگوں کے مسائل اجاگر کئے جائیں گے ۔ٹیم میں ضمیر اندرابی ، پرم جیت سنگھ ، عبداللہ راہ کے علاوہ سینئر صحافی فیاض وانی بھی شامل تھے ۔
ریڈیو کشمیر کے اہتمام سے کیرن میں ثقافتی پروگرام
