ریڈیو کشمیر سرینگر کے اہتمام سے میڈیا ورکشاپ کا انعقاد

سرینگر/ / آنے والے پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں ریڈیو کشمیر سرینگر کے کانفرنس ہال میں میڈیا ورک شاپ کا انعقاد ہوا جس کا افتتاح ڈپٹی چیف الیکشن آفیسر گلزار احمد خان نے کیا۔ورکشاپ میں ریڈیو کشمیر سرینگر اور دور درشن کیندر سرینگر کے شعبہ خبر سے وابستہ ضلع نمائندوں کے علاوہ کیجول نیوز ایڈیٹروں نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا افتتاح ریاست کے ڈپٹی چیف الیکشن آفیسر گلزار احمدخان نے کیا ۔ ریڈیو کشمیر سرینگر کے شعبہ خبر کے سربراہ مشتاق احمد مشتاق نے ورکشاپ میں مدعو مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پیش کئے۔ انہوں نے پارلیمانی انتخابات کی کوریج اور نشریات کو چلینج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس چلینج کو خندہ پیشانی سے قبول کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو اور دوردرشن انتخابات کے انعقاد اور جمہوریت کو مستحکم کرنے میں کلیدی رول نبھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جیسے دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک میں پارلیمانی انتخابات کی عمل آوری پُر مشقت کام ہوتا ہے اور آنے والے انتخابات میں 90 کروڑ سے زائد لوگ اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنے والے ہیں۔ انہوںنے ضلع نمائندوں کو حق پر مبنی رپورٹ اور خبریں ارسال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران مثالی ضابطہ اخلاق کی عمل آوری کی ہر صورت میں پاسداری کرنی چاہئے۔ ریاست کے ڈپٹی چیف الیکشن آفیسر گلزار احمد خان نے اپنے افتتاحی خطاب میں شرکاء کو آنے والے پارلیمانی چناؤ کے بھارے میں بھرپور جانکاری فراہم کرتے ہوئے الیکشن کو صاف و شفاف طریقے سے انجام دئے جانے کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کے بارے میں آگاہی دلائی۔ ڈپٹی سی ای او نے ای وی ایم میں نئے فیچرز کی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ای وی ایم میں نصب ان جدید سہولیات سے رائے دہندگان کو اپنے پسندیدہ نمائندوں کے حق میں اپنی رائے دہی کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ موقعے پر ہی اپنے ووٹ کی تصدیق بھی ہوجائے گی۔ انہوںنے نمائندوں کو مثالی ضابطہ اخلاق پر عمل پیرا رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹنگ کے دوران انتخابی عمل کی صحیح عکاسی کی جانی چاہئے۔ انہوںنے ریڈیو کشمیر سرینگر اور دوردرشن کیندر سرینگر کے شعبہ خبر کے عملہ بالخصوص ضلع نمائندوں کو الیکشن کے بارے میں ہر ممکن جانکاری فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کی۔ دوردرشن کیندر سرینگر کے شعبہ خبر کے سربراہ قاضی سلمان نے شرکاء کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے ضلع نمائندوں پر زور دیا کہ وہ روزانہ بنیادوں پر انتخابات کے بارے میں تازہ اطلاعات بھیجا کریں۔آخر پر ریڈیو کشمیر سرینگر کے شعبہ خبر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق احمد راتھر نے ورکشاپ میں مدعو شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی نمائندوں کو ریڈیو کشمیر سرینگر اور دوردرشن کیندر سرینگر کے شعبہ خبر کے ساتھ تال میل میں رہنا چاہئے۔ انہوں نے 2014کے پارلیمانی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات کی نشریات میں ضلعی نمائندوں کا کلیدی رول رہا۔ ریڈیو کشمیر سرینگر کے شعبہ خبر کے ایڈیٹر سنیل کول نے ورکشاپ کی نظامت کے فرائض انجام دئے۔ ورکشاپ میں ریڈیو کشمیر سرینگر اور دوردرشن کیندرا سرینگر کے شعبہ خبر سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی جن میں صابر ایوب، کوثر سلام، میر نذیر، تصدق رشید، جان نثاراحمد، خورشید پڈرو، عادل اسماعیل، رفیق احمد اور شوکت شاہ جبکہ کیجول نیوز ایڈیٹر سہیل بٹ، محمدامین، غلام جیلانی گانی، شبیر الزماں، اظہر بخاری، جاوید ڈار، اشرف ڈار ، ظہور شاعراور  فیروز گانی قابل ذکر ہیں ۔ اس کے علاوہ شعبہ خبر سے وابستہ ملازمین جن میں رجندر کول، دیبہ، این اے عشرت، اعجاز احمد پانپوری، شوکت احمد اور معراج دین نے بھی شرکت کی۔