ریڈکراس کے عالمی دن کی مناسبت سے وادی میں تقاریب

سرینگر//عالمی ریڈکراس دن کی مناسبت سے وادی کے مختلف اضلاع اور علاقوں میں تقاریب کا انعقادہوا جن میں آپسی بھائی چارہ اورہم آہنگی کے جذبے کو فروغ دینے اور ضرورتمندوں کی مدد کرنے پر زوردیاگیا۔انڈین ریڈکراس سوسائٹی کشمیر شاخ کے اہتمام سے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ سرینگر میںایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقعہ پر ناظم تعلیم کشمیر نے کہا کہ وادی بھر میںریڈکراس کے رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ناظم تعلیم تقریب پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔انہوںنے کہا کہ کشمیر ڈویژن کے تمام سکولوں میں طلبہ رضاکاروں کو ریڈکراس مہم میںشامل کیاجانا چاہئے۔تقریب سے ڈائریکٹر ڈیزاسٹر منیجمنٹ نے بھی خطاب کیا۔اس دوران متاثرین کے لئے فسٹ ایڈ کے طریقہ کار کے بارے میں تربیت فراہم کی گئی۔بڈگام میں شیخ العالمؒ کانفرنس ہال میں چیف ایجوکیشن آفس نے ڈسٹرکٹ ریڈکراس سوسائٹی بڈگام اور چیف میڈیکل آفس کے اشتراک سے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں بڑی تعداد میں سکولی بچوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر عطیہ خون کاایک کیمپ بھی منعقد کیا گیا۔تقریب سے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے خطاب کرتے ہوئے ورلڈ ریڈ کراس ڈے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ٹائون ہال کپوارہ میں ایک تقریب کے دوران اے ڈی سی اوردیگر مقررین نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آفات سماوی کے دورا ن راحت کاری اورامداد کے لئے ریڈکراس کا ایک اہم رول ہے۔اس موقعہ پر ریڈکراس ڈے کی اہمیت پر روشنی ڈالنے کے لئے کئی طلاب کو اعزازات سے نوازا گیا ۔تقریب میں چیف ایجوکیشن آفیسر کپوارہ،میڈیا شخصیات اور مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔دریںاثناء ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر جی این ایتو کی صدارت میں ورلڈ ریڈکراس ڈے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں سی ای او،سی ایم او،این وائی کے کوارڈی نیٹر اوراکائونٹس آفیسر کے علاوہ سرکردہ شہریوںاورسول سوسائٹی کے ممبران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ترقیاتی کمشنر نے ریڈکراس ڈے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔انہوںنے شوکت علی اسٹیڈیم سے ایک ریلی بھی نکالی جس میں طلاب ،رضاکاروں ،افسران اور سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔