ریڈزون علاقوں کیلئے 80ہزار ریپڈ ٹسٹ کٹس درکار

سرینگر //کشمیر میں ریڈ زون قرار دئے گئے 76علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے نمونوں کی تشخیص کیلئے محکمہ صحت نے 80ہزار Rapid Test kits کی مانگ کی ہے اور اس حوالے سے مرکزی سرکار کو درخواست بھیجی گئی ہے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر سمیر احمد متو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ ریڈ زون قرار دئے گئے 76علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے خون کی تشخیص کیلئے 80ہزار Rapid Test kitsکی مانگ کی گئی ہے اور اُمید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں یہ کٹ کشمیر پہنچ جائیں گے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ ریڈ زون قرار دئے گئے علاقوں میں کورونا وائرس مریضوں کے رابطے میں آنے والے تمام اہلخانہ کے ٹیسٹ کئے جائیں گے‘‘۔ ڈاکٹر سمیر احمد متو نے بتایا ’’ کٹ سے 24گھنٹوں میں ہونے والا کورونا وائرس ٹیسٹ صرف 4 گھنٹوں میںمکمل ہوگا اور چار گھنٹوں کے اندر ہی مشتبہ مریضوں کی نشاندہی ہوگی۔ انہوں نے کہا ’’کٹ دستیاب ہونے کے بعد عملہ کی تربیت کیلئے ایک دن درکار ہوگا ۔  انہوں نے کہا ’’کورونا وائرس مریض کے رابطے میں آنے کے بعد ہی 5یا 6دن کے اندر antibodiesپیدا ہوتی ہیں اور ان antibodiesکی موجودگی سے ہی کورونا وائرس کے مریض کا پتہ جلد چلے گا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں سرکار نے 90علاقوں کو ریڈ زون دائرے میں شامل کیا ہے جن میں 76کشمیر اور 14علاقے جموں صوبے میں آتے ہیں۔