ریچھ کے حملے سے بانہال کا شہری شدید زخمی، سرینگر منتقل

بانہال//بانہال کے ڈولیگام علاقے میں سنیچر کی صبح ریچھ کے ایک حملے میں ایک شخص شدید طور سے زخمی ہوا ہے اور اسے سب ضلع ہسپتال بانہال سے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس حملے میں شدید زخمی ہوئے شخص کی شناخت 70 سالہ احداللہ وانی ولد احمد وانی ساکنہ آڑ پورہ، ڈولیگام بانہال کے طور کی گئی ہے۔ محکمہ جنگلی حیات کے انچارج کنٹرول روم بانہال نجم الدین نائیک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سنیچروار کی صبح ساڑھے آٹھ بجے یہ واقع اس وقت پیش آیا جب احداللہ وانی اپنے گھر سے باہر کہیں جارہا تھا کہ وہاں موجود ایک کالا ریچھ وانی پر حملہ آور ہوا اور اس حملے میں اس کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر زخم آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمی کو سب ضلع ہسپتال بانہال سے صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد آڑ پورہ ڈولیگام میں جنگلی حیات کی ٹیم پہنچ گئی تاکہ جنگلی جانور کو بستی سے باہر کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں پٹاخے تقسیم کئے گئے ہیں اور جنگلی درندوں سے سامنے کی صورت میں انہیں احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ضروری کاغذی لوازمات کے بعد زخمی کے حق میں معاوضہ کی ادائیگی کیلئے ضابطے کی کاروائی کی جائے گی۔