ریچھ کے حملہ میں شہری زخمی

منڈی//ریچھ کے حملے میں ہاڑی بڈھا سے تعلق رکھنے والا ایک شخص شدید زخمی ہواہے۔تحصیل منڈی کے ہاڑی بڈھاعلاقے میں محمد رشید ولد جنگباز پر ریچھ نے حملہ کردیا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوا۔مقامی ذرائع نے بتایاکہ محمد رشید اپنے گھر کے نزدیک زمین میں کھیتی باڑی میں مصروف تھا کہ اچانک ایک ریچھ نے اس پر حملہ کر دیا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوا۔بعد ازآں مقامی لوگوں نے ریچھ پر پتھرائو کر کے اسے وہاں سے بھاگنے پر مجبورکردیا اور زخمی شخص کو سب ضلع اسپتال لایا گیا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد دے کرمزید علاج کی خاطر ضلع اسپتال پونچھ روانہ کیا گیا۔زخمی شخص کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔اس حوالے سے محمد رشید کے بھائی محمد الطاف نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ رشید اپنے گھر کے پاس والی زمین میں مکی کی گوڈی میں مشغول تھا کہ اچانک جنگل سے ایک ریچھ نمودار ہوا جو اس پر حملہ آور ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ریچھ کو دیکھ کر محلہ کے لوگ جمع ہوگئے اور انہوں نے اسے وہاں سے بھاگنے پر مجبور کیاتاہم ریچھ کے حملہ کی وجہ سے اس کے بھائی کے سر اور ٹانگوں میں چوٹیں آئی ہیں۔منڈی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایاکہ محمد رشید کو ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیاگیاہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔