ہمہ وقت ریونیو ہیلپ لائنز قائم اور محکمہ میں کسی مناسب سطح پر کسی آفیسر کا واٹس ایپ نمبر مخصوص کیاجائے:چیف سیکریٹری
جموں// چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ ریونیو اِنتظامیہ کی جاری ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے فیصلہ سازی میں سرعت آئے گی اور اگلے تین مہینوں میں خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔اُنہوں نے کہا کہ زمین کی حد بندی اور زمینی ریکارڈ میں نئے اِندراجات شامل کرنے کے مسائل ہمیشہ تشویش کا باعث رہے ہیں اور زمینی ریکارڈ کی جاری ڈیجیٹائزیشن سے ان خدشات کو پور ی طرح دُور کیا جائے گا۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ محکمہ ریونیو میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اَپنانے سے فرد اِنتخاب اور میوٹیشن کی آن لائن فراہمی میں آسانی ہوگی اور اِس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ زمین مالکان کے اراضی ریکارڈ میں ان کی معلومات کے بغیر کوئی لین دین نہ ہو۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار محکمہ ریونیو کے یوٹی کیپکس کا جائزہ میٹنگ کے دوران کیا جس میں فائنانشل کمشنر ریونیو شالین کابرااور کمشنر سیکرٹری ریونیو وِجے کمار بدوری نے بھی شرکت کی۔اِس سے قبل ایف سی آر ریونیو نے جانکاری دی کہ تمام تحصیل داروں اور نائب تحصیل داروں کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے جبکہ اَفسران کو میوٹیشن وغیرہ کے آٹومیشن کے لئے ٹیب فراہم کئے جائیں گے تاکہ محکمہ کے مجموعی کام کو جدید ترین سطح پر بہتر بنانے میں مدد ملے ۔اُنہوں نے کہا کہ گورننس کو متحرک کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے اور سمارٹ فونوں پر زمین کے لین دین کو سپورٹ کرنے کے لئے جلد ہی موبائل ایپ تیار کی جائے گی۔کمشنر سیکرٹری ریونیو نے کہا کہ ریو نیو گورننس کے لئے ڈیجیٹل ہارڈ ویئر کو سرکردہ سطح پر مارچ 2022ء تک نافذ کیا جائے گا اور مسلسل رفتار کے لئے اگلے برس کے دوران بھی اس مقصد کے لئے ضروری مالی مدد کو یقینی بنایا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے اِس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ لیپ ٹاپ اور ٹیب مقررہ وقت کے اَندر شناخت شدہ ریونیو اَفسران کو دئیے جائیں جبکہ مزید کہا کہ موبائل گورننس کی سہولیت کے لئے ایک مناسب موبائل ایپ بھی تیار کی جانی چاہیئے۔اُنہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ ہر پٹوار حلقہ میں پٹوار خانوں میں ایک کمرہ پٹواریوں کے لئے ہفتے میں چار دِن کم سے کم دو گھنٹے میٹنگوں کے لئے مختص کیا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تحصیلداروں/نائب تحصیلداروں/گرداواروں/پٹواریوں کے نام اور ان کے موبائل نمبر ان عمارتوں کی دیواروں پر ہیلپ لائن نمبر کے ساتھ مستقل طور پر آویزاں ہوں تاکہ صارفین ان ہیلپ لائنوں پر ریونیو افسران/پٹواری میٹنگوں کے لئے دستیاب نہ ہونے کی صورت میں اپنی شکایات درج کر سکیں۔ ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اَپنی سابق ہدایات کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائے کہ دو اَضلاع جموں اور سری نگر میں زمین مالکان کو 31؍ مارچ 2022ء تک اور باقی اَضلاع کے تمام زمین مالکان کو 15؍ اگست 2022ء تک زمین پاس بکس تقسیم کی جائیں۔اُنہوں نے کہا کہ زمین مالکان کی شکایات کے اَزالے کے طریقہ کار کو محکموں کے اَندر مضبوط بنانا ہوگا ۔ چیف سیکرٹری نے مخصو ص چوبیس گھنٹے ریونیو ہیلپ لائنز قائم کرنے اور محکمہ میں کسی مناسب سطح پر کسی آفیسر کا واٹس ایپ نمبر مخصوص کرنے کی ہدایت دی ۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ کو عمارتوں وغیرہ کی شکل میں فزیکل بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کے بجائے ایک فعال ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام بنانے پر اَپنے اخراجات کی توجہ کو دوبارہ ترتیب دینا چاہئے۔اُنہوں نے محکمہ کو مشورہ دیا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائے کہ ریونیو ریکارڈس کے ڈیجیٹائزیشن سافٹ ویئر کو سروس پلس کا حصہ بنایا جائے اور اسے آر اے ایس کے ساتھ بھی مربوط کیا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ وقت پر اس سافٹ ویئر ایپلی کیشن کو زمینی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے این آئی سی سافٹ ویئر کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت ہوگی۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کو مزید ہدایت دی کہ وہ لوگوں کو نہ صرف جاری ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لئے بیداری مہم چلائیں بلکہ محکمہ میں اِی۔ خدمات سے فائدہ اٹھانے کی خاطر اپنے آدھار/موبائل نمبروں کو محکموں کے ساتھ رجسٹر کرنے کیلئے بھی زور دیں۔