ریمارکس پی ڈی پی کیلئے باعث شرم:این سی

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے موہن بھاگوت  کے ریماکر س کو پی ڈی پی کیلئے شرمساری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قلم دوات جماعت والوں کو اس بات کا احساس کر لینا چاہئے کہ انہوں نے اقتدار کی خاطر بھاجپا کے سامنے سرینڈر کرکے ریاست جموں وکشمیرکو کن مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ پارٹی ترجمان جنید متو نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن ملک اور ریاست کے درمیان رشتے کی واحد بنیاد ہے اور آر ایس ایس چیف ملک کے بدترین اقتصادی بحران سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے گمراہ کن بیان بازی سے گریز کریں۔ ترجمان نے کہا کہ اگرچہ دفعہ35Aاور 370سے متعلق آر ایس ایس اور بھاجپا کے ارادے کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں لیکن پی ڈی پی کی مکمل سودے بازی اور معذرت خوانانہ خاموشی سے یہ معاملہ انتہائی سنجیدہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے پی ڈی پی کو مشورہ دیا کہ وہ ایجنڈا آف الائنس کے نام پر لوگوں کے زخموں پر مزید نمک پاشی کرنا بند کردے ، جس میں لوگوں کیساتھ یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن پر جوں کی توں پوزیشن برقرار رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ35Aاور370کو ختم کرنے کی بھاجپا اور آر ایس ایس کی کوششوں اور موہن بھاگوت کے ریمارکس سے پی ڈی پی کے ایجنڈا آف الائنس کی قلعی کھل کر رہ گئی ہے ، جو ریاستی عوام کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔