ریلیف فنڈ میں حصہ داری | ملازمین کی یک روزہ تنخواہ کٹوتی کی ہدایت

جموں //محکمہ خزانہ نے جموں و کشمیر کے تمام ڈی ڈی اوز (ڈرائونگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران )کو ہدایت دی ہے کہ وہ کورونا وائرس کیلئے قائم کئے گئے ریلیف فنڈ میں حصہ داری کے طور پر تمام ملازمین کی ایک روزہ بنیادی تنخواہ سے کٹوتی کریں ۔ محکمہ کے فائنانشل کمشنر ڈاکٹر ارون کمار مہتا کی طر ف سے اس سلسلے میں جاری ہونے والے سرکولر میں ہدایت دی گئی ہے کہ مرکزی زیر انتظام جموں وکشمیر کے تمام ڈی ڈی اوز سبھی ملازمین کی مارچ کے مہینے کی تنخواہ میں سے ایک دن کے برابر کی تنخواہ کی رضاکارانہ بنیاد پر کٹوتی کریں ۔یہ ہدایت ملازمین کی مختلف تنظیموں کی طرف سے ریلیف فنڈ میں حصہ داری پر آمادگی کے بعد جاری کی گئی ہے ۔تاہم ملازمین ایک دن کی تنخواہ کے سوا مزید امداد بھی دے سکتے ہیں اور یہ رقم جموں وکشمیر ریلیف فنڈ میں جمع کی جائے گی جس کا بینک اکائونٹ زیر نمبر 0110010100000016ہے جو جموں وکشمیر بینک کی برانچ موونگ سیکریٹریٹ میں ہے ۔