بانہال // کشمیر بانہال ریل پروجیکٹ سے متاثر ہوئے بنکوٹ بانہال کے لوگوں نے شمالی ریلوے کے اعلی ٰحکام بشمول چیف انجینئر شمالی ریلوے سے ملاقات کرکے اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو معاوضہ کی ادائیگی میں لیت ولعل اور دیگر مسائل کے سلسلے میںایک یادداشت پیش کی۔ بانہال سے دو کلومیٹر دور بنکوٹ ، کوٹس ، ہرگام ، بنہ گام ، چھاناڑ اور درمنن کے لوگوں کی نمائندگی کرنے والے سرپنچ محمد الیاس وانی نے علاقے کے دورے پر آئے شمالی ریلوے کے چیف انجینئر کو مطلع کیا کہ بنکوٹ کی پوری بستی میں سے ریلوے ٹنل تعمیر ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ٹنل کی سنٹرل لائن ،ٹنل سے 25میٹر اور 125 میٹر کے حدود میں پڑنے والے متعدد مکانات بھاری بلاسٹنگ کی وجہ سیتباہ ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی مکانوںمیں شگاف پڑچکے ہیں تو کئی مکانوں میں رہائش پذیر کنبے خوف زدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنکوٹ میں دو ریلوے ٹنلوں کی وجہ سے پینے کے پانی کے تمام چشمے ختم ہوگئے ہیں اور ریلوے حکام کے وعدوں کے باوجود بھی بنکوٹ کی آبادی کیلئے پینے کا پانی فراہم کرنے اور علاقے میں فلٹریشن پلانٹ قائم کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ریلوے حکام نے لوگوں کو بتایا کہ اب تک ہوئے نقصانات کا معاوضہ اور مکانوں کا کرایہ رامبن کلکٹر کے ذریعے متاثرین کو ادا کیا گیا ہے اور نئی کمیٹی کی طرف سے انہیں جو بھی معاوضہ محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے ادا کرنے کیلئے کہا جائے گا وہ ادا کریں گے۔ اس سے پہلے سابق ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول نے بھی علاقے کا دورہ کرکے متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں اپنی طرف سے ہمیشہ اپنی مدد میسر رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ نے جب شمالی ریلوے کے چیف انجینئر سے کٹرہ اور بانہال کے درمیان ریلوے ٹریک کو مکمل کرکے قوم کے نام وقف کرنے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کوئی بھی تفصیل دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا سے بات کرنے کیلئے شمالی ریلوے کا PRO ہی مجاز ہے ۔
ریلوے ٹنلوں سے رہائشی مکانات کو نقصان
