بانہال // حال ہی میں تعینات کئے گئے ایس ڈی پی او بانہال نثارخواجہ نے ریلوے سٹیشن میں ڈرائیوروں ، ٹریول ایجنٹوں اور ٹرانسپورٹروں سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں کووڈانیس سے بچاؤ تدابیر اور منشیات کی روک تھام کیلئے متعلقین کو آگاہی دی گئی۔ اس موقع سب ڈویژنل پولیس آفیسر بانہال نثار خواجہ نے ریلوے سٹیشن بانہال کے ٹیکسی سٹینڈ پر ڈرائیوروں، ایجنٹوں اور مسافروں سے اپیل کی کہ وہ گاڑی چلاتے وقت کووڈ انیس کے رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کریں اور عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹروں کے علاوہ تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سماج میں پھیلتی برائیوں اور منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں پولیس کو دیئے جارہے تعاون کو جاری رکھیں تاکہ منشیات اور سماجی برائیوں کی دلدل میں پھنسے لوگوں کو بچایا جاسکے اور ایک پاک اور صاف معاشرے کو وجود میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے اور اس غیر قانونی دھندے میں ملوث افراد کوسلاخوں کے پیچھے کرنے تک پولیس کی منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف مہم زور و شور سے جاری رہے گی۔ ریلوے سٹیشن بانہال میں منعقد ہوئی اس میٹنگ کے اختتام پر مقامی ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹروں نے ایس ڈی پی او بانہال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے مانگ کی کہ مقامی مسافر گاڑیوں کیلئے قصبہ بانہال میں ایک سٹینڈ کومنظوری دی جائے تاکہ دور دراز کے علاقوں سے قصبہ بانہال کا رخ کرنے والوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ریلوے سٹیشن بانہال میں ٹرانسپورٹروں اور ڈارئیوروں سے میٹنگ
