ریلوے اسٹیشن بانہال میں صفائی مہم کا انعقاد

بانہال// ریلوے سٹیشن بانہال پر ریلوے پولیس کی طرف سے ایک صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا جس میں ریلوے سٹیشن کے اندر اور باہر گندگی کو صاف کیا گیا۔ اس مہم میں ریلوے سٹیشن بانہال پر تعینات جی آر پی کے اہلکاروں اور افسروں کے علاوہ ریلوے پولیس کے ایس ڈی پی او اننت ناگ ، ریلوے پروٹیکشن فورس کے اہلکاروں، ملازموں اور بانہال والنٹیرز کے مقامی رضاکاروں نے شرکت کی اور ریلوے سٹیشن اور اس کے احاطے میں صفائی ستھرائی کا کام انجام دیا۔ ایس ڈی پی او ریلوے اننت ناگ نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو کویڈ19 کے رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کرنا چاہئے اور صفائی ستھرائی بھی اس کا اہم جز ہے۔ انہوں نے بانہال میں جی آر پی بانہال کا دربار بھی منعقد کیا اور تمام نفری کو اپنے تفویض کردہ فرائض کی بہتر انجام دہی، اضافی چوکسی اور ریلوے املاک کی مناسب دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی تاکہ کشمیر ریلوے کے ساتھ سفر کرنے والے روزانہ کے ہزاروں مسافروں کوکسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 

 کلسٹر قبائلی ماڈل ولیج کانسر کی ترقی کیلئے ایکشن پلان کو حتمی شکل | منظور شدہ کاموں کی بروقت تکمیل کے لئے 2.62 کروڑ روپے واگزار

ڈوڈہ،// ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ (ڈی ڈی سی) وکاس شرما نے کانسرڈوڈہ میں کلسٹر ٹرائبل ماڈل ولیج کی ترقی کے ایکشن پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے افسران کی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ کلسٹر قبائلی ماڈل گاؤں کانسر کی ترقی کے لیے منظور شدہ کل منصوبہ کی رقم 236 کاموں کے لیے 10.0239 کروڑ روپے ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی کاموں کے ذریعے ڈی پی آر کی تشکیل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سردیوں کے موسم میں کاموں کی تکمیل کی فزیبلٹی پر بھی بات کی۔انہوں نے سی ایس ایس اور یو ٹی شیئر کی 262.50 لاکھ روپے کی رقم مختلف متعلقہ محکموں کے حق میں جاری کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ الاٹ کی گئی باقی رقم موصول ہونے پر جاری کردی جائے گی۔ انہوں نے ہدف شدہ آبادی کو فائدہ پہنچانے کے لیے کاموں کی بروقت تکمیل کے لیے کم سے کم وقت میں ٹینڈرنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔