ریلائنس فاونڈیشن کاطبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان

ممبئی // ریلائنس فاونڈیشن نے کورونا وائرس (کووڈ19) سے لڑ نے والے سر ایچ این ریلائنس فاونڈیشن اسپتال کے میڈیکلا سٹاف کو ایک مہینے کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت یہ تنخواہ ان طبی کارکنوں کو بھی ملے گی جو کورونا وائرس سے لڑنے میں اہم رول نبھا رہے ہیں۔کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے ریلائنس فاونڈیشن نے ممبئی میں 100 بستروں کا ایک اسپتال بھی بنایا تھا۔ اس اسپتال میں کام کرنے والے ریلائنس فاونڈیشن کے میڈیکل سٹاف اور ڈاکٹروں کو بھی ایک مہینے کی اضافی تنخواہ دی جائے گی۔ریلائنس فاونڈیشن کی چیئرپرسن نیتا امبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سر ایچ این ریلائنس فاونڈیشن اسپتال کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ترنگ نے کہا کہ اس مشکل کی گھڑی میں انہوں نے (شریمتی امبانی) ہمارا خیال رکھا۔اس سے ہم بہت زیادہ خوش ہیں اور ان کے شکر گذار ہیں۔ ڈاکٹر ترنگ نے کورونا متاثرین کے علاج میں مصروف ملک بھر کے ڈاکٹروں اور نرسوں پر حملے کی رپورٹس پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف جہاں لوگوں کے ان پر تھوکنے، مکان مالکان کی بدسلوکی کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔ ایسے میں ریلائنس فاونڈیشن کا ڈاکٹروں کو اضافی تنخواہ دینے جیسا قدم خدمت خلق کے تئیں حوصلہ اور جوش بڑھانے والاہے۔
میڈیکل ا سٹاف کے نام اپنے خط میں ڈاکٹرترنگ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے اپنی لڑائی جاری رکھیئے ہم آپ کو پورا تعاون دیں گے۔ میڈیکل اسٹاف کو ہیرو بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ہم پوری ریلائنس فاونڈیشن اسپتال ٹیم کے بہت شکر گذار ہیں جو کووڈ۔19 کے خلاف اس جنگ میں ایک فوج کی طرح ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔ آپ اصلی ہیرو اور حقیقی نائک ہیں۔ سبھی کے بے جوڑ عہد اور عزم مصمم پر ہمیں بے حد فخر ہے۔‘‘ایک مہینے کی اضافی تنخوا ہ دینے کے علاوہ گھر کیلئے کرانہ کا سامان بھی ریلائنس فاونڈیشن کی طرف سے دیا جارہا ہے۔ یہ سامان ان طبی کارکنوں کو دیا جائے گا جو اسپتال میں کام کے دوران گھر پر توجہ نہیں دے پارہے ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیکل سٹاف کیلئے فری بس سروس، فری کھانا پینا، سیفٹی کے سبھی سازو سامان بھی ریلائنس فاونڈیشن اسپتال سٹاف کو دے رہا ہے۔ریلائنس فاونڈیشن اسپتال نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ اگر مریضوں کے علاج کے دوران ریلائنس فاونڈیشن اسپتال یا 100بستروں والے خصوصی اسپتال کا کوئی ہیلتھ پرسونل یا پھر ان کے پریوار کاکوئی ممبر کورونا کی زد میں آجاتاہے تو اس کے علاج کا پورا خرج فاونڈیشن اٹھائے گا۔