ریلائنس فائونڈیشن چیئر پرسن نیتا امبانی کا کیرل دورہ

کیرالہ //ریلائنس فائونڈیشن کی چیئر پرسن  نیتا امبانی نے آج ضلع الہ پوزہ کے گائوں پالی پاڈ کا دورہ کر کے حالیہ سیلاب سے ہوئی تباہی کا جائزہ لیا۔ فائونڈیشن کی طرف سے سیلاب زدگان کو 50کروڑ روپے کی راحت فراہم کی گئی ہے ۔ گائوں کے دورہ کے دوران نیتا امبانی نے لوگوں کے ساتھ ملاقات کی اور ان کو درپیش مسائل کا از خود معائینہ کیا۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق مابعد مسز امبانی کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائے وجیائن سے ملے اور ان کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل نو کے لئے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا۔ ریلائنس انڈسٹریز کی طرف سے انہوںنے وزیر اعلیٰ کے ریلیف فنڈ میں21کروڑ روپے کا عطیہ بھی دیا۔ اس نازک وقت میں کیرلہ کے متاثرین کی امداد کا عزم دہراتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ریلائنس فائونڈیشن کے 30افراد 14اگست سے کیرلہ میں بچائو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ریلیز کے مطابق ریلائنس فائونڈیشن کے آئی ٹی سیل نے ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے ٹول فری ہیلپ نمبر چلائی اور 1600افراد کو بچا لیا۔ قابل ذکر ہے کہ 28مئی کے بعد مون سون کی آمد کے ساتھ ہی کیرلہ میں حالات خراب ہو گئے تھے اور ابھی تک 483انسانی جانیں تلف ہو چکی ہیں۔