ریشم کے احیائے نو کا منصوبہ 10لاکھ میٹر کی سالانہ پیداوار کا ہدف مقرر: :وزیراعلیٰ

جموں //وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے بڑی براہمنا کا دورہ کر کے وہاں سلک فیکٹری اور فلیچریونٹ کاسنگ بنیاد رکھا ۔ انہوںنے ای ڈی آئی کمپلیکس میں گورنمنٹ جوائنری ملز کا افتتاح کر کے اس کے کام کاج کا معائینہ کیا۔16.84کروڑروپے کی لاگت سے گورنمنٹ سلک فیکٹری پانچ مہینوں کے اندر اندر تعمیر کی جائے گی۔ محبوبہ مفتی نے 6.64کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہے گورنمنٹ سلک فلیچر س کا بھی سنگ بنیاد رکھا ۔ان دو یونٹوں کو بھی اگلے پانچ ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔جموں صوبہ میں اپنی نوعیت کے ان پہلے یونٹوں کے قیام سے جموں صوبے میں ریشم صنعت سے جڑے افراد کو مختلف سہولیات دستیاب ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ نے بعد میں نئی گورنمنٹ جوائنری ملز ، شوروم اور ڈسپلے مرکز کا افتتاح کیا جن کا سنگ بنیاد انہوں نے پچھلے برس جولائی مہینے میںرکھا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے جوائنری ملز کے مختلف سیکشنوں کا دورہ کرکے وہاں تیار ہونے والے اشیاء کی تعریف کی۔ صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا، وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو اوروزیر مملکت آسیہ نقاش وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔اس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شلیندر کمار نے وزیر اعلیٰ کو سلک فیکٹری بحالی منصوبے کے بارے میںجانکاری دی۔راجباغ ، سولنہ ، نوشہرہ ، بڑی براہنما اوردیگر ریشم پیدا کرنے والے یونٹوں کو آنے والے برسوں کے دوران احیائے نو منصوبے کے تحت لایا جائے گا۔منصوبے کے تحت حکومت ریاست میں سالانہ دس لاکھ میٹر ریشم تیار کرنے کے سلسلے میں ان یونٹوں کو معقول رقومات فراہم کرے گی۔اس موقعہ پر جے کے انڈسٹریز کے ملازمین کے ایک وفد نے بھی وزیرا علیٰ کے ساتھ ملاقات کی اوران کی کارپوریشن کی بحالی کے لئے اقدامات اُٹھانے پر وزیر اعلیٰ کا شکر یہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ان اقدامات کی بدولت ان کا اور کارپوریشن کا مستقبل محفوظ ہو گیا ہے۔محبوبہ مفتی نے انڈسٹریل ایسٹیٹ میں ای ڈی آئی کے جموں کیمپس میںجاری کا م کا بھی معائینہ کیا۔ اس کیمپس کا سنگ بنیاد وزیرا علیٰ نے 9جولائی 2017ء کو رکھا تھا۔ 82.89کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ای ڈی آئی جموں کیمپس تین برسوں پر محیط تین مرحلوںمیں مکمل کیا جائے گااور اس  میں انکیوبیشن مرکز ، ہوسٹل ، لائبریری اور نوجوان خانہ داروں کے لئے دیگر استفساری سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اس موقعہ پر ای ڈی آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم آئی پرے نے وزیر اعلیٰ کو پروجیکٹ پیش رفت کے بارے میں جانکار ی دی ۔انہوں نے کہاکہ اس ادارے کا کام کاج نئے کیمپس سے جلد شروع کیا جائے گا۔  پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کمار چودھری، کمشنر سیکرٹر ی صنعت و حرفت شیلند ر کمار ، صوبائی کمشنر جموں ہمنت شرما ، آئی جی پی جموں زون ایس ڈی ایس جموال ، ڈپٹی کمشنر سانبہ شیتل نندااور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔