ریشم کی صنعت منافع بخش نوجوان مستفید ہونے کیلئے محکمہ سے رابطہ کریں:ڈائریکٹر سریکلچر

عظمیٰ نیوز سروس

پلوامہ// ڈائریکٹر سریکلچراعجاز احمد بٹ نے منگل کو پلوامہ ضلع کے بالائی علاقوں میںریشم کے کیڑے پالنے والوں اور کسانوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔انہوں نے ریشم کے کیڑوں کی پرورش کی جاری پیشرفت اور محکمہ کے انتظامات کا جائزہ لیا تاکہ ککون کی پیداوار کو دوگنا کرنے کو یقینی بنایا جا سکے اور اس کے اچھے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔ اس کے علاوہ مقامی سریکلچر کمیونٹی کو محکمے کے ساتھ مربوط اور ہم آہنگ طریقے سے کام کرنے کی ترغیب دی جائے۔ ترال پلوامہ کے ستورا میں معائنے کے دوران علاقے کے کسانوں کے ذریعہ ریشم کے کیڑے پالنے کے طریقوں کا بغور جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ریشم کے کیڑے پالنے والوں،کسانوں کو معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر ککون کی پیداوار کو دوگنا کرنے کے لیے جدید تکنیکوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کاشتکاروں کو سریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا تاکہ ان کی پیداواری صلاحیت اور منافع میں اضافہ کیلئے تمام ضروری تعاون فراہم کیا جا سکے۔

 

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، اعجاز احمد بٹ نے علاقے میں ریشم کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے سینٹرل سلک بورڈ کے ساتھ محکمے کی باہمی تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کسانوں اور نوجوانوں کو جموں و کشمیر میں سلک ریلنگ یونٹس کے قیام کیلئے دستیاب مختلف سبسڈیز کے بارے میں آگاہ کیا۔ مزید برآں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کیلئے سریکلچر کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا یہ ایک بہترین موقع ہے۔ محکمہ اور ریشم کی صنعت سے وابستہ منافع بخش منصوبوں کے ساتھ خود کو منسلک کرنے کے لیے بہت سارے فوائد ہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی آمدنی پیدا کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے محکمہ میں دستیاب مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں اور ساتھ ہی مقامی ریشم کی پیداوار اور مقامی طور پر اس کی کھپت کو بڑھانے کے لیے محکمہ کی کوششوں میں حصہ لیں۔