اہلیہ،بچہ ،چار بھائی بہنوں اور معمر والدین کا اکلوتاسہاراتھا
محمد بشارت
کوٹرنکہ // ضلع راجوری کے بلاک بدھل نیو کی پنچایت حلقہ راج نگر اپر گھبر میں رواہ ماہ کی 15 تاریخ کو اپر گھبر میںفوج کی جانب سے بانجھ نامی میلے میں کشتی مقابلہ میں زخمی ہوا نوجوان چل بسا۔اس میلہ میںنازک حسین ولد شیر محمد ساکنہ بھروت عمر 22سال اور محمد آصف ولد محمد رفیق ساکنہ سموٹ عمر 17سال کے درمیان کشتی کروائی گئی جس میںنازک حسین کو شدید چوٹ آئی تھی جسکو فوری طور پرآرمی ہیلتھ سنٹر بدھل پہنچایاگیاتھا جسکے بعد اسکو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی پہنچایاگیاجہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اسکی گردن ٹوٹ چکی ہے اوراسے بہتر علاج کے لیے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ۔وہاں سے بہتر علاج کے لیے اسے امن دیپ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج و معالجہ کے دوران وہ جمعرات صبح 5بجےزندگی کی جنگ ہار گیا ۔شام 6بجے کے قریب نعش آبائی گائوں پہنچی جہاں صف ماتم بچھ گئی۔ ہر طرف چیخ و پکار اور غم کا ماحول تھا ۔مقامی نوجوان ارشد حسین میر نے بتایا کہ یہ نوجوان اپنے گھرکا واحد کمائوتھااور اسکے پسماندگان میں اہلیہ ،ڈیڑھ سالہ بچہ، دو جڑواں نابالغ بھائی، دو بہنیں موجود ہیں جن میں ایک معزور ہے اور بزرگ ماں باپ ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 60 آر آر ناگا فوج کی جانب سے دوران علاج ایک لاکھ روپے مدد کی گئی اور ایک لاکھ روپے مزید نقدی فراہم کی گئی اور مزید مدد کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔