ریجنل ڈائریکٹر سروے کے اعزازمیں الوداعیہ

پونچھ//ریجنل ڈائریکٹر سروے اور لینڈ ریکارڈ رینج پیرپنچال سید شوکت کاظمی 31تاریخ کوملازمت سے سبکدوش ہو رہے ہیں ۔ان کے اعزا ز میں راجوری اور پونچھ میں جگہ جگہ الوداعی تقریبات منعقد ہورہی ہیں ۔موصوف37 سال اور 2 مہینے اپنی خدمات دینے کے بعد اب علاقائی ڈائریکٹر سروے اور لینڈ ریکارڈز پیر پنچال کے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیںجن کے اعزاز میں محکمہ مال اور دیگر محکمہ جات کے افسران اور ملازمین کی جانب سے ڈاک بنگلہ پونچھ میںالوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو نے کی۔ا س موقعہ پر مقررین نے شوکت کاظمی کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنی ملازمت نہایت ہی ایمانداری اور دیانتداری سے سرانجام دی ۔انہوں نے کہاکہ کاظمی کاشمار ریاست کے ایماندار افسران میں ہوتاہے جنہوں نے پہاڑی بورڈ کے سیکریٹری اور دیگر عہدوں پر فائز رہتے ہوئے سنجیدگی سے فلاح و بہبود کے اقدامات کئے ۔اپنے خطاب میں راہل یادو نے کہا کہ کسی بھی ملازم کے لئے یہ ایک اعزاز ہوتا ہے کہ وہ اپنے کام سے مطمئن ہو اور دوسرے بھی اس کے کام کی سراہنا کریں ۔انہوں نے شوکت کاظمی کو مبارک باد پیش کی ۔اس موقعہ پر تحصیلدار حویلی شہزاد لطیف خان، نائب تحصیلدارشید الرحمن، سید عابدحسین صفوی، محمد اکرم تانترے، محمد نواز، اختر عباس میر، محمد افضل ،صدر پٹوارایسوسی ایشن پونچھ سید بشارت حسین نقوی اور صدر کلرک ایسوسی ایشن پونچھ کفایت حسین صوفی نے خطاب کیا ۔آخر میں شوکت کاظمی نے سبھی کاشکریہ ادا کیا ۔شوکت کاظمی کاتعلق پونچھ کی تحصیل منڈی کے بلاک ساتھرہ سے ہے جنہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم پرائمری سکول ساتھرہ میں حاصل کی جس کے بعد ہائی سکول منڈی میں زیر تعلیم رہے اور گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ سے گریجویشن کرنے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے جغرافیہ میں پوسٹ گریجویشن کی ۔موصوف 1 مئی 1981 میں محکمہ تعلیم میںاستاد کے طور پرتعینات ہوئے اور 18 سال تک درس و تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے ۔اس دوران 1999 میں انہوں نے مقابلہ جاتی امتحانKASمیں کامیابی حاصل کی اور اپنی مدت ملازمت کے دوران ایکسائز اور کمرشل ٹیکس محکمہ میں اور سیکریٹری پہاڑی مشاورتی بورڈ کے طور پر خدمات انجام دیں۔