ریاسی کے200سکول عمارتوں کے بغیر پسماندہ علاقہ کے غریب بچوں کی پڑھائی کیسے چلے؟

شاہنواز ،ریاسی

بدلتے جموں وکشمیر میں ترقی کی رفتارتیز ہے۔ سڑکیں،پل،عمارتیں،راستے ،پی ایم اے وائی اور دیگر کئی فلاحی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ لیکن اگر ہم ہر ایک کامیابی کی بنیاد یعنی تعلیمی شعبے کی بات کریں تو اس سمت ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔دیگر اضلاع کی طرح جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی کے تعلیمی زون مہور ،تعلیمی زون چسانہ اور تعلیمی زون ارناس میں 2003 تعلیمی نظام کو بہتربنانے کے لئے ’’سروشکھشا ابھیان‘‘ کی شروعات ہوئی تھی۔ اس کے تحت جموں وکشمیر میں ہزاروں سکول کھولے گئے ۔ اسی سکیم کے تحت جموں کشمیر کے ضلع ریاسی میں بھی سینکڑوںسکولوں کا قیام عمل میں لایا گیا ۔لیکن بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ سال2004سے ابھی تک سینکڑوں سرکاری سکول ضلع ریاسی میں بغیر عمارتوں کے رواں دواں ہیں۔باوثوق ذرائع سے حاصل کئی گئی معلومات کے مطابق ضلع ریاسی کے تعلیمی زون ارناس میں 21سکول ، تعلیمی زون مہور کے 89 سکول اور تعلیمی زون چسانہ کے 90سکولوں میں اس وقت بھی بغیر عمارتوں کے تعلیمی سرگرمیاں چل رہی ہیں۔
ان اعداد و شمار کے مطابق ضلع کے صرف تین تعلیمی زونوں کے لگ بھگ200 سکول ایسے ہیں جو کہ بیس برس گزر جانے کے بعد بھی ایک عمارت کے منتظر ہیں۔ان سکولوں میں(۱)گورنمنٹ پرائمری سکول ملک پورہ ٹکسن زون مہور،(۲) گورنمنٹ پرائمری سکول اوچھا دیول زون مہور،(۳) گورنمنٹ پرائمری سکول ناریون لار زون مہور،(۴) گورمنٹ پرائمری سکول راوی والا بدھن زون مہور،(۵) گورنمنٹ پرائمری سکول پارلی والا بدھن زون مہور،(۶) گورنمنٹ پرائمری سکول کنتھالی بدھن زون مہور،(۷) گورنمنٹ پرائمری سکول ڈاکہ ہاڑی والا پنچایت بدھن اے زون مہور،(۸) گورنمنٹ پرائمری سکول موری بدھن زون مہور، (۹)گورنمنٹ پرائمری سکول بٹ محلہ انگرالہ زون مہور،(۰۱) گورنمنٹ پرائمری سکول دھار زون چسانہ،(۱۱) گورنمنٹ پرائمری سکول چوٹ زون چسانہ اور(۲۱) گورنمنٹ پرائمری سکول بگھار زون ارناس شامل ہے۔ جوآج بھی ایک عددعمارت کے منتظر ہیں۔
یہ چند ایک سکولوںکے نام میں نے آپ کی سماعتوں کی نذر کئے ہیںلیکن یہ تعداس سے بھی زیادہ ہے۔جب اس سلسلے میں زیڈ ای او مہور موہن لال سے بات کی گئی تو انہوں نے کہاکہ مہور تعلیمی زون میں89سکول بغیر عمارات کے اپنے تعلیمی سلسلے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ حالانکہ ان میں سے بارہ سکولوں کے لئے رقومات واگزار ہوچکی ہے ۔لیکن ابھی عمارتیں تعمیر نہیں ہوئی ہیں۔وہیں جب چسانہ زون کے انچارج زیڈ ای اواشوک چوپڑہ (اُس وقت کے پرنسپل ہائر سکنڈری اسکو ل چانہ) سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ تعلیمی زون چسانہ میں 90سکول بغیر عمارتوں کے کام کر رہے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بغیر عمارتوں کے یہ سکول درختوں کے سائے، پڑوسیوں کے گھر اور شیڈوں میں آباد ہیں۔اسی ضمن میں جب زیڈ ای اوارناس کستوری لال سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ ہمارے تعلیمی زون ارناس میں21سکول بغیر سرکاری عمارات کے اپنے تعلیمی سفر کو لیکر چل رہے ہیں۔ سینکڑوں سرکاری سکولوں کی عمارتیں نہ ہونے پر بلاک مہور کی پنچایت ساڑھ لور کے سرپنچ محمد مشتاق کہتے ہیں کہ تعلیمی نظام کو لیکرسرکار جس طرح کے دعوے کررہی ہے اس سے قبل سرکار کو ملک کے ہر کونے، ہر گلی پر نظام تعلیم کو دیکھنا چاہئے تھا۔انہوں نے کہاکہ اگر سابقہ سرکاروں سے کوئی خامیاں رہیں تو موجود ہ اقتدار کو ان خامیوں کو درست کرنا چاہئے اور ان طلباء کے مستقبل کیلئے اقدامات کرنے چاہئے ۔انہوں نے برسراقتدار افسران اور لیڈران سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان طلباء کے مستقبل کے بارے میں سوچا جائے اور ان اسکولوں کے لئے عمارت تعمیر کی جائے۔
اسی سلسلے میںمہور کے ایک سماجی کارکن بشیر الدین نے بتایا کہ سب سے پہلے سرکار تعلیمی نظام کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر اتنے سکولوں کے پاس اپنی ہی عمارت نہیں ہے تو ان میں زیر تعلیم طلباء کن مسائل و مصائب کا سامنا کرتے ہوں گے ؟ بشیر الدین نے کہا کہ سرکار کو شعبہ تعلیم کو بہترین بنانے کے لئے اولین ترجیح پرکام کرنے کی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں ایک مقامی اشفاق حسین کہتے ہیں کہ اْن کے بچے زون مہور کے گورنمنٹ پرائمری سکول ملک پورہ ٹکسن میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔جس کی اپنی عمارت نہیں ہے۔وہ کہتے ہیں کہ ہمارے بچوں کو استاد تعلیم اچھی دے رہے لیکن ہمارے بچے بغیر عمارت کے سکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ا ن بچوں کو دھوپ، گرمی، سردی،بارش یعنی ہر حال میں اپنے تعلیمی سفر کا رواں رکھنا ہوتا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ سرکار کی جانب ظہرانہ، اسکالرشپ تو دیا جاتا ہے،جو قابل داد اقدامات ہیںلیکن اسکول کیلئے عمارت بنیادی لوازمات میں شامل ہے جو ہونی چاہئے۔ جس سے ہمارے بچوں کا تعلیمی سفر آسان ہو سکتا ہے۔اشفاق حسین نے مزید کہا کہ پنچایت بدھن اے میں پانچ سکول بغیر عمارتوں کے چل رہے ہیں۔
وہیں سرپنچ زرینہ بیگم نے بتایا کہ ہمارے بچے کافی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایک جانب ہم ڈیجیٹل انڈیا کے دور میں چل رہے ہیںاور دوسری جانب ہمارے بچوںکوسر چھپانے کے لئے چھت ہی نہیں ہے۔ضلع ریاسی کے تین تعلیمی زنوں میں سکولوں کی عمارت کی عدم دستیابی کے سلسلے میںڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن ریاسی ساجرہ قادر سے بات کی گئی تو انہوں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ تعلیمی زونوں میں کافی سرکاری سکول ہیں جو ابھی بھی بغیر عمارتوںکے تعلیمی سفر کو لیکر روں دواں ہیں۔ انہوںنے مزیدکہاکہ جہاں پر انتہائی اول فرست میں عمارتیں تعمیر کرنے کی ضرورت تھی تومہوراور چسانہ کے چند سرکاری سکولوںکی عمارتوں کے لئے اپنے کپیکس بجٹ سے رقومات واگزار کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بھی اپنی طرف سے مکمل کوشش کر رہی ہیں کہ متعلقہ علاقوں میں جتنا جلد ہو سکے اسکولوں کیلئے عمارتیں تعمیر کی جائیں۔
بغیر عمارتوں کے دو سو سکولوں کے بارے میں جب چیف ایجوکیشن آفیسر ریاسی سومیتا بالی سے بات کی گئی تو اْنہوں بتایا کہ کئی ایک مقامات پر سرکاری سکول کو تعمیر کرنے کے لئے اراضی ہی نہیں ہے اور کئی سکولوں کے لئے لوگوں نے اراضی دی ہے۔ لیکن وہ سکولوں کے نام نہیں کی ہے بلکہ صرف فرد کاٹے گئے ہیں۔ جو لوگ سرکاری سکولوں کے لئے اپنی ملکیت اراضی وقف کریں گے اْنہیں تحریراً لکھ کر دینا ہوگا کہ وہ سرکاری سکول کے لئے وقف کی گئی اراضی کے عوض میںبعد میں معاوضہ یا سرکاری نوکری کا مطالبہ نہیں کریں گے کیونکہ جو لوگ سرکاری سکولوں کے اراضی وقف کریں گے ان کے لئے محکمہ کے پاس سرکار کی طرف سے نہ کوئی معاوضہ ہے اور نہ ہی کوئی سرکاری نوکری دینے کا منصوبہ ہے۔ چیف ایجوکیشن افیسر موصوفہ نے بتایا کہ جہاں جہاں سے اْن کے نوٹس میں بات آئی ہے اورجہاں اراضی کا مسئلہ مکمل ہو اہے ،وہاں عمارت تعمیر کروانے کے لئے شد و مد سے کوششیں جاری ہیں۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سرکار کی جانب سے نئی تعلیمی پالیسی کے تعلیمی میدان میں ایک نئی جہت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ لیکن ضلع ریاسی کے ان تین تعلیمی زونوں میں سکولوں کی عمارات کی عدم دستیابی باعث تشویش ہے کہ آخر ان سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے تعلیمی معیار کا کیا حال ہو گا؟کیونکہ ان سکولوں میںغریب بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیںاور ان تین تعلیمی زونوں کے 200 کے قریب سرکاری سکولوں کے ہزاروں طلاب کا مستقبل کیسا ہوگا؟
سوچنے کی بات یہ بھی ہے کہ جن بچوں نے ان بیس برسوں میں ان دو سو سکولوں سے تعلیم حاصل کی ہوگی اْنہوں نے کن حالات سے مقابلہ کیا ہوگااور اب کے زیر تعلیم طلباء ڈیجیٹل ہندوستان میں کن مصائب کا سامنا کر رہے ہوں گے؟قارئین دو دہائیوں سے یہ سرکاری سکول عمارات کے منتظر ہیں۔ان سرکاری سکولوں میں عمارات کی عدم دستیابی کی وجہ سے سینکڑوں طلاب شدت کی سردی اور گرمی،دھوپ ،بارش یعنی ہر حال میں کھلے آسمان تلے یا کرائے کی عمارات یا پھر شیڈوں میں بیٹھنے پر مجبور ہیں ۔حیرت اس بات کی ہے کہ ایک جانب ہم ڈیجیٹل ہندوستان کی بات کر رہے ہیں، جی 20کی میزبانی کر رہے ہیں، سڑکیں اور شاہراہیں بنا رہے ہیں لیکن ان سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلباء کے مستقبل کی جانب کوئی توجہ نہیں دے پا رہا ہے جبکہ اسی جانب خصوصی توجہ دئے جانے کی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔