ریاسی //ریاسی ضلع کے بالائی علاقوں میں جمعہ کو بعد دوپہر چند گھنٹوں کیلئے ہوئی شدید بارش کے نتیجے میں فصلوں کو ایک بار پھر نقصان پہنچا ہے ۔ ضلع کے ارناس ،درماڑی،تھرو،مہور،چسانہ اور گلابگڑھ کے درجنوں دیہات میں تیز بارشوں کی وجہ سے ایک بار پھر زمینداروں کا نقصان ہوا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ پہلے سے ہی بارشوںنے اُن کی فصلوں کو نقصان پہنچا یالیکن محکمہ زراعت کا کوئی بھی ملازم نقصان کا تخمینہ لگانے کیلئے ان علاقوں میں نہیں پہنچا اور اب مزید بارش نے رہی سہی کسر نکال دی ہے اور میوہ باغات کے ساتھ ساتھ مکئی کی فصل کو نقصان ہوا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کا دارومدار فصلوں پر ہی ہے اور فصلوں کے نقصان سے وہ فاقہ کشی کا شکار ہو سکتے ہیں ۔انہوںنے ضلع انتظامیہ اور محکمہ زراعت سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں ٹیموں کو روانہ کر کے نقصان کا جائزہ لیا جائے تاکہ لوگوں کو امداد فراہم کی جا سکے ۔