ریاسی کی ممنکوٹ پنچایت کے مقامی نالے پر پل تعمیر نہیں سکولی بچے اورلوگ اپنی جان جوکھم میں ڈال کر دریا عبور کرنے پر مجبور

محمد بشارت

کوٹرنکہ // ریاسی ضلع کی چسانہ تحصیل کے اکثر دیہات میں بنیادی سہولیات کی شدید قلت کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات آئے روز بڑھتی جارہی ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ عام لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔تعلیمی زون چسانہ کی پنچایت ممنکوٹ کے مقامی نالے پر رابطہ پل آج تک تعمیر ہی نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیادوں پر سکولوں میں جانے والے بچے ،عام لوگوں اور علاقہ کے بزرگ اپنی زندگی جوکھم میں ڈال کر دریا عبور کرنے پر مجبور ہیں ۔

 

 

والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بارش کے دنوں میں یا تو ان کے بچے سکول نہیں جاتے یا پھر وہ اپنے بچوں کو دریا عبور کرنے کیلئے ساتھ جانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کئی مرتبہ مذکورہ دریا پر جھولایا پختہ پل تعمیر کرنے کیلئے حکام سے رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک علاقہ مکینوں کی مشکل کو حل کرنے میں کسی نے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جس کی وجہ سے ان کی دقتیں مزید بڑھتی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پنچایت ممنکو ٹ کے مقامی نالے سے روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں عام لوگ اور سکولوں میں جانے والے بچے گزرتے ہیں تاہم نالے میں پانی زیادہ ہونے کے دوران کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ نالے پر رابطہ پل تعمیر کیاجائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔