ریاسی کی بنہ پنچایت میں منریگا کے پروجیکٹ شروع ہی نہ ہو سکے محکمہ دیہی ترقی پر لاپرواہی کا الزام ،مقامی لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کیا

محمد بشارت
ریاسی // ریاسی ضلع کی پنچایت بنہ میں محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے ابھی تک منریگا کے متعدد پروجیکٹ شروع ہی نہیں ہو سکے ہیں جس کی وجہ سے پنچایت کا مزدور طبقہ متعدد پرویشانیوں میں مبتلا ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پنچایت میں ابھی تک منریگا کے کام شروع ہی نہیں کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مزدور طبقہ کو قاعدہ کے تحت سو دن کا روز گار فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی لیکن چسانہ کی پنچایت بنہ کو متعلقہ حکام کی جانب سے یکسر نظر انداز کر دیا گیاہے ۔مقامی سرپنچ سرور حسین نے بتایا کہ پنچایت میں گزشتہ برس پچاس فیصد تک کام ہوئے تھے لیکن رواں برس ابھی تک تعمیر اتی عمل شروع ہی نہیں ہو سکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کاموں کا تخمینہ لگایا گیا ہے لیکن تعمیر اتی عمل کو شروع کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے ملازمین و متعلقہ آفیسران کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں غریب بالخصوص مزدور طبقہ کئی طرح کی پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے کام شروع نہ کر کے غریبوں کو پریشانیوں میں مبتلا کردیا ہے ۔مکینوں و پنچایتی اراکین نے محکمہ کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت بنہ میں منریگا کے تحت تعمیر اتی عمل کو شروع کیا جائے ۔