ریاسی پولیس نے نقب زنی کا معاملہ حل کیا

ریاسی// ریاسی پولیس نے نقب زنی کی ایک واردات کو حل کرتے ہوئے ایک چور کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے قبضے سے چوری کیا گیا سامان برآمد کر لیا ہے۔ پولیس زرائع کے مطابق ایک دوکاندار اشوک کمار ولد مرحوم شانتی سروپ سکنہ وارڈ نمبر 5 ، ریاسی نے پولیس تھانہ ریاسی میں اطلاع دی کہ 17/18 دسمبر کی درمیانی رات گنیش مندر کے قریب چور اس کی دکان میں گھس گئے اور 12000ہزار روپے کے نوٹوں سے بنائے مالا ئیں اڑا لے گئے۔ اسی ضمن میں پولیس تھانہ میں آئی پی سی کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر 243/2021 زیرِ دفعہ  457، 380 درج کر کے تحقیقات شروع کی گئیں۔ پولیس ٹیم نے فوری حرکت میں آ کر مشتبہ افراد کو یکے بعد دیگرے پکڑا گیا اور آخر کار ایک اہم مشتبہ شخص راکیش سنگھ ولد دھنی رام سکنہ تھیلو موجودہ مہاجر کیمپ تلوارہ کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور آخر کار تلواڑہ سے مشتبہ شخص کو پکڑا اور اس سے مسلسل پوچھ گچھ کی جس میں راکیش سنگھ نے چوری کا اعتراف کیا۔ اس کے انکشاف پر پولیس ٹیم نے دکان سے چوری شدہ مال، کرنسی نوٹوں کے ہار اور جرم میں استعمال ہونے والے اوزار برآمد کر لیے۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ضلع میں چوری کی دیگر وارداتوں میں اس کے روابط کا پتہ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ اسی دوران یہاں جاری ایک بیان میں پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم راکیش بظاہر منشیات کا عادی ہے اور علاقے کا ایک عادی چور ہے، اس سے قبل چوری کے مقدمہ ایف آئی آر نمبر 24/2021 زیرِ دفعہ 379/34 آئی پی سی تھانہ کٹرا میں ملوث رہا، جس میں کٹرہ سے ایک بائک چوری ہوئی تھی۔