ریاسی میں پسی کی زد میں آکر2افراد لاپتہ

عظمیٰ نیوزسروس

ریاسی// جموں کے ریاسی ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد دو افراد لاپتہ ہوگئے جن کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق مٹی کا تودہ چسانہ علاقے کے قریب اوتار موڑ پر زیر تعمیر بدھل مہورگول سڑک پر گر آیا جس کے بعد وہاں موجود دو افراد اس کے نیچے زندہ دب گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جونہی واقعہ پیش آیا تو وہاں پولیس و سیول انتظامیہ کے افسران پہنچ گئے جنہوں نے بچائو کارورائیاں شروع کرد ی ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے اپنی تلاش کی کوششوں کو تیز کر دیا ہے، متاثرہ علاقے میں ملبہ ہٹانے کے لیے ایک درجن سے زیادہ ارتھ موورز تعینات کیے گئے ہیں۔ریاسی کے ڈپٹی کمشنر وشیش پال مہاجن نے بتایا کہ مٹی کا تودہ سوموار کو دور دراز کے چسانہ علاقے کے قریب اوتار موڑ کے قریب زیر تعمیر بدھل-مہور-گول سڑک پر پیش آیا۔مہاجن نے تصدیق کی کہ ارتھ موور کے ڈرائیور سمیت دو افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سنیئر سول اور پولیس افسران جائے وقوعہ پر موجود ہیں، بڑے پیمانے پر بچائوآپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ 12 سے زائد ارتھ موورز ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔