ریاسی میں آیوشمان بھارت رتھ کو ہری جھنڈی دکھائی گئی

 ریاسی //ضلع ترقیاتی کمشنر پرسننا راما سوامی جی نے آیوشمان بھارت۔پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (PMJAY) کے تحت ’’آیوشمان بھارت رتھ‘‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں انہوں نے سکیم سے متعلق بیداری فراہم کرنے پر زور دیکر متوقع مستفید لوگوں کو پروگرام اور اسکے فوائد کی جانکاری دینے پر زور دیا ۔آیوشمان بھارت سکیم کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے تحت 1300بیماریوں کو لایا گیا ہے ،جس میں امراض قلب، گردوں کی بیماری، جگر کی بیماری و ذیابطس وغیرہ بھی شامل کئے گئے ہیں،تاکہ سماج کو فائدہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 1073 شہری اور 20927دیہی گھرانوں کی نشاندہی سکیم ہذا کے تحت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آروگیہ میتر ا اور میڈیکل کارڈی نیٹر اس سلسلہ میں لوگوں کو سکیم ہذا کے دائرے میں لانے میں مدد کریں گے۔چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر پرمیندر سنگھ نے اس موقعہ پر بتایا کہ آیوشمان بھارت رتھ ضلع کے تمام بلاکوں میں جا کر لوگوں کو PMJAY. کے متعلق بیداری پیدا کرے گی۔سکیم کے تحت استفادہ حاصل کرنے والوں کو کارڈ فراہم کیا جائے گا ۔سکیم مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے ہیلتھ انشورنس سکیم کے تحت یہ لاگو کی ہے۔