ریاسی اور سانبہ میں المناک حادثات جے سی بی دریابرد ہونےسے 3اورنجی کار ٹرک کے نیچے آنے سے2لقمہ اجل

یو این آئی
جموں// جموں کے ریاسی ضلع کے ماہورعلاقے میں گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تین افراد کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مہور ریاسی میں جے سی بی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر دریا میں جاگرا جس کے نتیجے میں تین افراد غرقآب ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور غرقآب ہوئے تینوں کو باہر نکال کر ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے تینوں کو مردہ قرار دیا۔متوفین کی شناخت 23سالہ نتیش کمار ساکن کالاکوٹ راجوری، 27سالہ راجندر کمار ساکن پتنی ٹاپ ادھم پور اور ہوشیار سنگھ ساکن بالمکوٹ ریاسی کے بطور ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ماہور کے نزدیک گاڑی ڈرائیور کے قابوسے باہر ہو کر دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں تین افرا د پانی میں ڈوب گئے اور بعدازاں ان کی لاشیں باز یاب کی گئیں۔دریں اثنا پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ادھر سانبہ کے نانک چک میں جموںپٹھانکوٹ قومی شاہراہ پر ایک المناک حادثہ پیش آیا جس دوران ایک ٹرالا ٹرک اور کار کے درمیان حادثہ ہوا اور اسکے نتیجہ میں ٹرک سڑک پر پلٹ گیا اور نجی کار مکمل طور اس کے نیچے آگئی جس کے نتیجہ میں کار مکمل طور تباہ ہوگئی اور اس میں سوار دونوںلوگ لقمہ اجل بن گئے۔ڈپٹی سی ایم او سانبہ ڈاکٹر سنجیو گپتا کے مطابق سانبہ ہسپتال میں 2زخمی افراد کی موت واقع ہوگئی ۔اس حادثہ کے بعد شاہراہ پر کچھ وقت کیلئے ٹریفک مسدود ہوگیا تاہم بعد میں ٹرک اور تباہ شدہ کار کو ہٹا کر شاہرا ہ کو بحال کیاگیا۔