ریاست کے دیہی علاقوں کیلئے برقی رو کی فراہمی

 جموں//مختلف سکیموں کے تحت مرکزی حکومت نے ریاست جموں وکشمیر کے دیہی علاقوں تک برقی رو کی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے 2842کروڑ روپے کو منظوری دی ہے ۔یہ تفصیلات مرکزی وزیر بجلی و قابل تجدید توانائی آر کے سنگھ نے لوک سبھا میں پیش ہوئے ایک سوال کے جواب میں دی ۔ممبر پارلیمنٹ جموں پونچھ کے تحریری سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے بتایاکہ پرائم منسٹر ڈیولپمنٹ پیکیج کے تحت ریاست کے دیہی علاقوں کو بجلی فراہم کرنے کیلئے 1151.98کروڑ روپے کو منظوری دی گئی ۔مرکزی وزیر نے مزید کہاکہ دین دیال اوپادھیائے گرام جیوتی یوجنا سکیم کے تحت جموں وکشمیر کیلئے 22پروجیکٹ منظور کئے گئے جن کی مالیت 681.84کروڑ تھی ۔انہوں نے بتایاکہ اس کے علاوہ جموں و کشمیر کیلئے ڈی ڈی یو جی جے وائی کے تحت بجلی کیلئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی خاطر 875کرو ڑ روپے منظور کئے گئے ۔اسی طرح سے انہوںنے بتایاکہ پردھان منتری سوہاج بجلی ہر گھر یوجنا سوبھاگیہ سکیم کے تحت 133.33کروڑ روپے جموں و کشمیر کیلئے منظور کئے گئے  ۔