ریاست میں عنقریب صدفیصد کنبوں کو بجلی فراہم ہو گی: کمشنر سیکریٹری

نئی دلی //محکمہ بجلی کے کمشنر سیکریٹری ہردیش کمار نے کہا ہے کہ ریاست میں عنقریب ہی تمام کنبوں کو بجلی فراہم کی جائے گی ۔اُنہوں نے مرکزی وزیر بجلی آر کے سنگھ کی صدارت میں نئی دلی میں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ کے دوران یہ جانکاری دی ۔ مرکزی وزیر نے ریاست میں کم وقت میں بجلی شعبے میں نمایاں بہتری پر ریاست کی سراہنا کی۔میٹنگ میں محکمہ بجلی کے مرکزی سیکرٹری ، جوائنٹ سیکرٹری ، مختلف ریاستوں کے پرنسپل سیکرٹریوں اور ایڈیشنل چیف سیکرٹریوں کے علاوہ دیگر متعلقین نے شرکت کی۔کمشنر موصوف نے کہا کہ سری نگر ، بڈگام ، پلوامہ ، جموں ، سانبہ اور کٹھوعہ میں سوبھاگیہ سکیم کے تحت صد فیصد بجلی فراہم کی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ 16اضلاع میں عنقریب ہی تمام کنبوں کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ یہ سکیم اکتوبر 2017ء میں شروع کی گئی ۔گزشتہ ایک مہینے کے دوران ریاست میں اوسطاً ہردِن 4695 کنبوں کو بجلی فراہم کی گئی۔ اُنہوں نے بجلی شعبے کی بہتری کے لئے اُٹھائے گئے دیگر اقدامات کا بھی تفصیلی خلاصہ پیش کیا جس کے تحت بجلی سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیا جارہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دُور دراز کے ان علاقوں جہاں رابطہ سہولیات میسر نہیں ہے میں آف گرڈ سہولیات کے ذریعے بجلی سپلائی فراہم کی جائے گی۔