ریاست میں طبی سہولیات میں بہتری لانے کیلئے کوششیں جاری : منیال

 جموں/ صحت و طبی تعلیم کے وزیر ڈاکٹر دویندر کمار منیال نے آج کہاکہ موجودہ حکومت بالخصوص دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزنے پہلے ہی ریاستی حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ہیلتھ سیکٹر کی فنڈنگ میں اضافہ کیا ہے تاکہ معیاری طبی خدمات اور سہولیا ت میں بہتر ی لائی جاسکے ۔ وزیر موصوف نڈھ سانبہ میں پرائمری ہیلتھ سینٹر کے دورے کے دوران وہاں الٹرا سائونڈ یونٹ کی افتتاح کے بعد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے محکمہ صحت افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف طبی سکیموں کے بارے میں جانکاری دیںتاکہ لوگ ان سکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں کئی طبی نگہداشت کے پروجیکٹوں پر عمل آوری جاری ہے اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نہ صرف پرائمری بلکہ سیکنڈری اور ٹریشری ہسپتالوں میں لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔بعد میں وزیر نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول نڈھ میں راشٹریہ بال سوستھ کاریہ کرن( آر بی ایس کے) کا افتتاح کیا ۔اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ آر بی ایس کے کا بنیادی مقصد غریب کنبوں کو صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہسپتالوںمیں مختلف بیماریوں کے علاج کے سلسلے میں اخراجات برداشت نہ کرسکیں انہیں اس سکیم کے تحت مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم ڈاکٹر یشپال شرما نے اس موقعہ پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے محکمہ نے ریاست بھر میں آر بی ایس کے سکیم کے تحت 22کیمپ منعقد کئے۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کی کئی ٹیمیں مختلف علاقوں میں مریضوں کے مفت چک اَپ اور انہیں مفت ادویات فراہم کرنے کے لئے تعینات کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر ڈاکٹر سمیر مٹو، ایم ڈی این ایچ ایم ڈاکٹر یشپال شرما ، سی ایم او سانبہ و دیگر طبی عملہ اس موقعہ پر موجود تھے۔